دفاع پاکستان کونسل نے کل جماعتی کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا

بھارتی دہشت گردی،پاکستان میں بھارتی مداخلت اور حافظ محمد سعید ودیگر رہنماوں کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان امریکی صدر کے اقدامات کی شدید مذمت توہین رسالت کے مرتکب ملزموں کو فوری سزائیں دینے اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کا مطالبہ

جمعرات 9 فروری 2017 21:22

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2017ء) دفاع پاکستان کونسل نے کل جماعتی کانفرنس کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بھارتی دہشت گردی،پاکستان میں بھارتی مداخلت اور حافظ محمد سعید ودیگر رہنماوں کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیاہے،احتجاجی تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا، جماعتوں نے ڈان لیکس میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے ،حافظ سعید کو فوری طور پر رہاکرنے ،امریکی صدر کے اقدامات کی شدید مذمت توہین رسالت کے مرتکب ملزموں کو فوری سزائیں دینے اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کا مطالبہ کیا ہے جمعرات کے روز دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس کا اعلامیہ سناتے ہوئے چیرمین دفاع پاکستان کونسل مولاناسمیع الحق نے کہا کہ کل جماعتی مشاورتی اجلاس میں شریک مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتیں کشمیرمیں ہندوستانی دہشت گردی اور حافظ محمد سعیدودیگر رہنماؤں کی نظربندی کیخلاف کراچی سے پشاور تک احتجاج کریں گی اور اس سلسلہ میں ملک گیر تحریک چلائی جائے گی ،دفاع پاکستان کونسل 12فروری کو لاہور میں مال روڈ پر ہونے والی تحریک آزادی جموں کشمیر کی ریلی کی مکمل حمایت اور شرکت کا اعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل کے زیر اہتمام فروری میں ہی کراچی اور اسلام آباد میں بڑے پروگرام ہوں گے جن کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ پروگراموں میں تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت شریک ہو گی۔10فروری اور 17فروری جمعةالمبارک کو چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں شہر شہر مظاہرے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔حافظ محمد سعید کی نظربندی سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

نظربندیوں و گرفتاریوں کی آڑ میں بیک چینل ڈپلومیسی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی مرضی کے برعکس مسئلہ کشمیر کا کوئی غیر منصفانہ حل مسلط کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرتے ہوئے شروع کی گئی جدوجہد کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔حکومت کشمیر پالیسی کو کنفیوژن سے پاک اورقائد اعظم کے فرمان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ‘‘ کو اصولی موقف قرار دے۔

وطن عزیز پاکستان میں اسلامی قوانین کے تحفظ کیلئے ملک بھر کی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے گا۔ قادیانی لابی کی طرف سے تحفظ ناموس رسالت اور ختم نبوت جیسے قوانین میں تبدیلی کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس میں شریک جماعتیں یکم فروری کو ہونے والی آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں کی مکمل تائید کرتی ہیں اور واضح طور پر قرار دیا جاتا ہے کہ اگر ایک ماہ تک یہ مطالبات منظور نہ کئے گئے تودینی جماعتیں اس کیخلاف بھرپور تحریک چلائیں گی۔

ڈان لیکس کے ذمہ داران کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔شعائر اسلامی کی توہین کرنے والے بلاگرز کو گرفتار کر کے سخت سزائیں دی جائیں‘ انہیں کھلا چھوڑنا ملک میں انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔حافظ محمد سعید سمیت 38رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنا اور ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت پاکستان انہیں فی الفور رہا کرے اوربیرونی قوتوں کی خوشنودی کیلئے اٹھائے گئے ان اقدامات پر قوم سے معافی مانگے۔

جموں کشمیرمیں بھارت سرکار کی طرف سے مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنے، علیحدہ سے پنڈت وفوجی کالونیاں اور اقتصادی زون بنانے جیسی سازشوں کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔حکومت پاکستان غیر کشمیریوں کو مستقل آباد کرنے کیلئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے جیسے اقدامات کیخلاف تمام بین الاقوامی فورمز پر آواز بلند کرے اور اس مقدمہ کو عالمی عدالت انصاف میں لیجائے۔

اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے‘ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسلامی دہشت گردی کالفظ استعمال کرناناقابل برداشت ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف توہین آمیز اقدامات اٹھانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر سے پابندی اٹھانا نظریہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش ہے‘ ان پر فی الفور پابندی لگائی جائے۔گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوششیں تقسیم کشمیر کے مترادف ہیں۔ تقسیم کشمیر کی ہر سازش ناقابل قبول اور قابل مزاحمت ہے۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے حافظ محمد سعید و دیگر رہنماؤں کی نظربندی کیخلاف جلد لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جائے گی۔۔۔۔۔۔اعجاز خان