کراچی ،سپرہائی وے ٹول پلازہ پر پولیس مقابلہ ،6دہشت گرد ہلاک

ملزمان کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا جو تخریب کاری ،ٹارگٹ کلنگ کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے،ایس ایس پی راؤ انوار

جمعرات 9 فروری 2017 21:04

کراچی ،سپرہائی وے ٹول پلازہ پر پولیس مقابلہ ،6دہشت گرد ہلاک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ بقائی اسپتال کے قریب پولیس مقابلے کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق کراچی پولیس نے سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب لنک روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔پولیس کو دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی ، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کا امکان ہے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے ملزمان کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا جو تخریب کاری اور ٹارگٹ کلنگ کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ایس ایس پی رائو انوارنے کہا کہ دہشتگردوں کے لیے شہر کی زمین تنگ کر دیں گے۔