ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی ایم ڈی سوئی نادرن گیس کو این اے 18 میں گیس فراہمی کے منصوبوں پرجلدکام کے آغاز کی ہدایت

وزیر اعظم نواز شر یف ہزارہ ڈویژن میں پسماندگی کے خاتمے اور علاقے کی تر قی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ، گزشتہ ساڑھے 3سالوں میں ہزارہ ڈویژن ان کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا ہے ، اس دوران کئی بڑے تر قیاتی منصوبوں پر کام کا اجرا کیا گیا ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، مرتضیٰ جاوید عباسی

جمعرات 9 فروری 2017 17:28

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے مینیجنگ ڈائر یکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (SNGPL) امجد لطیف کو ہزارہ ڈویژن خصوصاًNA-18 میں وزیر اعظم کی طر ف سے منظور کردہ خصوصی گرانٹ کے تحت متعلقہ علاقوں میں سوئی گیس فراہمی کے منصوبوں پر فوری طور پر کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کے روز ایم ڈی SNGPLسے پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی اپنی ملاقات میںدی ۔اس موقع پر ڈپٹی چیف SNGPL،ریجنل منیجر SNGPL ایبٹ آباد اور SNGPLکے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شر یف ہزارہ ڈویژن میں پسماندگی کے خاتمے اور علاقے کی تر قی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور گزشتہساڑھے 3سالوں میں ہزارہ ڈویژن ان کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا ہے اور اس دوران کئی بڑے تر قیاتی منصوبوں پر کام کا اجرا کیا گیا ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں وزیراعظم کی طر ف سے سوئی گیس کی فراہمی کے لیے خطیر فنڈز کی منظوری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ NA-18میں سر کل لوئر گلیات ،سر کل حویلیاں اور سر کل شیروان میں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے 2ارب 57کروڑ روپے کی فنڈز کی منظوری وزیر اعظم کی NA-18کے عوام سے گہری وابستگی کا مظہر ہے ۔انہوں نے ایم ڈی SNGPLکو وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق عمل کرتے ہوئے NA-18میں وقت ضائع کئے بغیر گیس فراہمی کے منصوبوں پر کام کا آغاز کرنے اور دسمبر 2017سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

ایم ڈی SNGPLامجد لطیف نے ڈپٹی سپیکر کو NA-18میں گیس فراہمی کے منصوبوں پر فوری کام کا آغاز کرنے اور ان بروقت تکمیل کا یقین دلایا۔ ایم ڈی نے ریجنل منیجر ایبٹ آباد کوان منصوبوں پر بلا تاخیر کام کا آغاز کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ۔