چیئرمین دفاع پاکستان کا حافظ سعید کی نظر بندی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان (کل) ملک گیر مظاہروں کی کال دیدی

وزیر داخلہ چوہدری نثار کونسل کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں‘ وفاقی حکومت نے دینی مدارس اور مذہبی طبقہ کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لئے کئے گئے بیشتر وعدوں کو پورا نہیں کیا‘ توہین رسالت کی سزا کے قانون کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ساتھ مل کر ملک گیر تحریک چلائی جائے گی چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق کا آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب اور مشترکہ اعلامیہ

جمعرات 9 فروری 2017 17:25

چیئرمین دفاع پاکستان کا حافظ سعید کی نظر بندی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) چیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کونسل کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں‘ وفاقی حکومت نے دینی مدارس اور مذہبی طبقہ کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لئے کئے گئے بیشتر وعدوں کو پورا نہیں کیا‘ توہین رسالت کی سزا کے قانون کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے ساتھ مل کر ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔

انہوں نے حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے (کل) جمعہ کو ملک گیر مظاہروں کی کال دیدی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں کونسل کے تحت جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ پڑھتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ توقعات وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ہیں انہوں نے وزارت میں دفاع پاکستان کونسل کے قائدین سے ملاقات کی تھی جس پر طوفان بھی اٹھا تھا۔

یہ قائدین بھی محب وطن ہیں اور جمہوری مطالبات وزیر داخلہ کو پیش کئے تھے اور ہم پرامید تھے کہ ان مطالبات کو حکومت وعدے کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچائے گی ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ شیڈول فور پر نظر ثانی کی جائے گی اور جن ر ہنمائوں کے بینک اکائونٹس منجمد کئے گئے ہیں وہ کھل جائیں گے اسی طرح بلاک شدہ شناختی کارڈز بھی بحال کردیئے جائیں گے مگر اکثر وعدوں کی پاسداری نہیں کی گئی ہم ایک بار پھر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں بھی دھرنا دینا‘ احتجاج اور مظاہرے کرنے آتے ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ کے تحت انہوں نے اعلان کیا کہ حافظ سعید اور دیگر رہنمائوں کی نظر بندی کے خلاف کراچی سے پشاور تک احتجاج ہوگا اور ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔ بارہ فروری کو لاہور میں مال روڈ پر تحریک آزادی کشمیر ریلی میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کررہی ہے کونسل کے زیر اہتمام رواں ماہ کراچی اور اسلام آباد میں بڑے بڑے پروگرامات ہونگے۔

دس اور سترہ فروری کو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے ہوں گے۔ حافظ سعید کی نظر بندی کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ کونسل واضح کردینا چاہتی ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی مرضی کے برعکس مسئلہ کشمیر کا غیر منصفانہ حل مسلط کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں کرنے دیں گے۔ سال 2017ء کو سال کشمیر کے طور پر منایا جائے گا۔

آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس کے یکم فروری کی اے پی سی کے ہونے والے فیصلوں کی مکمل تائید کرتے ہیں اور اگر ایک ماہ میں مطالبات منظور نہ کئے گئے تو دینی جماعتیں ملک گیر تحریک چلائیں گی۔ حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے جس کی تیاری شروع کردی گئی ہے اور ممتاز وکلاء کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈان لیکس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور کسی کو بھی کلین شیٹ نہ دی جائے۔

حافظ سعید سمیت 38 رہنمائوں کو فورتھ شیڈول سے نکالا جائے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنے ‘ اقتصادی زون بنانے جیسی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اسلامی دہشتگردی کے الفاظ کو ناقابل برداشت قراردیتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف امریکہ سے توہین آمیز اقدامات کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے آل پارٹیز کانفرنس نے پاکستان میںبھارتی فلموں کی نمائش پر مستقل پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے حکومت پاکستان غیر کشمیریوں کو مستقل آباد کرنے کیلئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے جیسے اقدامات کیخلاف تمام بین الاقوامی فورمز پر آواز بلند کرے اور اس مقدمہ کو عالمی عدالت انصاف میں لیجائے۔

اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے‘ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسلامی دہشت گردی کالفظ استعمال کرناناقابل برداشت ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کیخلاف توہین آمیز اقدامات اٹھانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر سے پابندی اٹھانا نظریہ پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش ہے‘ ان پر فی الفور پابندی لگائی جائے۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی کوششیں تقسیم کشمیر کے مترادف ہیں۔ تقسیم کشمیر کی ہر سازش ناقابل قبول اور قابل مزاحمت ہے۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی کیخلاف جلد لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جائے گی۔ ،کانفرنس سے خطاب مولانا فضل الرحمان خلیل،سابق وزیراعظم کشمیر سردار عتیق احمد خان،پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور،امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان ضیاء اللہ شاہ بخاری،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے سیکرٹری جنرل مولانا اللہ وسایا،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹری جنرل سید عتیق الرحمان شاہ،میر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید،جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے امیرزبیرفاروق،سرپرست اعلیٰ تنظیم اہلسنت والجماعت مولانا احمد لدھیانوی اور دیگر نے بھی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کیا ۔