محکمہ سوشل ویلفیئر کو فعال و غیر فعال این جی اوز کی فہرستیں مرتب کر نے کی ہدایت

جمعرات 9 فروری 2017 16:58

رحیم یارخان۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع میں کام کرنیوالی فعال و غیر فعال این جی اوز کی فہرستیں مرتب کریں، ضلع میں صرف وہی رجسٹرڈ این جی اوز کام کریں گی جو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہتے ہوئے اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ فراہم کریں گی۔

یہ ہدایات انہوں نے ضلع میں کام کرنیوالی مختلف این جی اوز کے ڈسٹرکٹ نمائندوں سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور این جی اوز کے مابین خوشگوار ورکنگ ریلیشن شپ قائم کیا جائے گا اور انتظامی افسران این جی اوز سے مکمل معاونت کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود کے لئے جاری حکومتی اقدامات کی عوام تک رسائی میں این جی اوز کا کلیدی کردار ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا تاہم این جی اوز کا سہارا لیکر دیگر غیر ضروری سرگرمیوں میں ملوث غیر فعال این جی اوز کو ضلع میں کام نہیں کرنے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی او سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر فعال اور غیر فعال این جی اوز کی فہرستیں مرتب کریں اور فعال این جی اوز کی ایک کوارڈینیشن کمیٹی بنا کر ماہانہ اجلاس کا انعقاد کریں جبکہ دیگر غیر فعال این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر کے ان کی فہرستیں ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔