فاٹا کوخیبرپختونخواہ کاحصہ عوام کی محرومیوں کاازالہ کیاجائے،چودھری شجاعت

فاٹا کےعوام محب وطن پاکستانی ہیں،انہیں دیگرپاکستانیوں کی طرح بنیادی حقوق دئیےجائیں۔صدرمسلم لیگ(ق)سےاجمل وزیرخان کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 فروری 2017 16:26

فاٹا کوخیبرپختونخواہ کاحصہ عوام کی محرومیوں کاازالہ کیاجائے،چودھری ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2017ء) : پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر اجمل خان وزیر نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے تنظیمی امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فاٹا ایک عرصے سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس سے پہلے فاٹا کی منفرد حیثیت کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اور اس معاملے کو سیاسی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھایا گیا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بنے تھے تو حلف اٹھانے کے تین دن بعد ہی فاٹا اصلاحات پر میٹنگ بلائی تھی جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے حصہ لیا تھا۔ اس اجلاس میں دیگر متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی تھی اور اس میں طے کیا گیا تھا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا، اس کیلئے ایک لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی تھی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فاٹا کے بارے میں قومی اتفاق رائے ہو چکا ہے اس لیے فاٹا کو خیبرپختونخواہ کا حصہ بنایا جائے تاکہ فاٹا کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام پاکستانی شہری ہیں اور ان کو دیگر پاکستانیوں کی طرح مساوی حقوق دئیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :