پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ،اسحاق ڈار

جمعرات 9 فروری 2017 15:28

پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 فروری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایل این جی کثیر الملکی کنسورشیم اجلاس ہوا ‘ کنسورشیم پاکستان کا پہلا این ایل جی کی فراہمی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ جمعرات کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایل این جی کثیر الملکی کنسورشیم اجلاس ہوا‘ اجلاس میں پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی شریک ہوئے جبکہ قطر پٹرولیم‘ ایکسن موبل اور ٹوٹل سمیت مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کنسورشیم پاکستان کا پہلا ایل این جی کی فراہمی کا منصوبہ ہے اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبہ مکمل طور پر نجی شعبہ چلائے گا اور اس میں حکومتی سرمایہ کاری نہیں ہے۔ حکومت کی شمولیت کے بغیر ایل این جی کی فراہمی کے معاہدے طے پاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبے کی کامیابی کے لئے کنسورشیم سے مکمل تعاون کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کنسورشیم عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان اور اس کی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ وزیر خزانہ نے اجلاس میں پرائس وائر ہائوس کوپرز کی حالیہ رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2050 میں 16ویں بڑی معیشت ہوگا پاکستان نے تین سال کیک قلیل مدت میں معاشی استحکام حاصل کیا ہے۔ 2013 میں عالمی ادارے پاکستان کو دیوالیہ قرار دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ماہ کی درآمدات کی گنجائش کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ حکومت نظام میں دس ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرنے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے 2018 کے بعد پندرہ ہزار میگا واٹ مزید بجلی پیدا کریں گے۔ حکومت بلند اور پائیدار معاشی اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے