بھارت کشمیری پنڈتوں اور بھارتی فوجیوںکیلئے علیحدہ کالونیوں بارے اپنی پالیسی واضح کرے ،میر واعظ عمر فاروق

جمعرات 9 فروری 2017 15:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ کشمیری پنڈتوں اوربھارتی فوجیوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کے قیام کے بارے میں اپنی پالیسی واضح کرے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں بھارتی حکومت کے اس اعلان کہ کشمیری پنڈتوںاوربھارتی فوجیوں کیلئے جموںوکشمیر میں علیحدہ کالونیوں کے قیام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی پالیسی واضح کرے ۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میںمخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ میں شامل جماعتیں مختلف زبان بول رہی ہیںاور بھارتی نواز سیاست دانوں کی یہ تاریخ رہی ہے کہ وہ کشمیرمیں ایک بات اور بھارت میں دوسری بات کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حریت قیادت نے اپنا موقف واضح کردیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری پنڈتوں اور سینک کالونیوں کا قیام کشمیریوں کیلئے قابل قبول نہیں اور اسکے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائیگی کی ۔

میر واعظ نے کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے بارے میں کہاکہ کشمیری پنڈت ہمارے بھائی ہیں اور وہ انکی مقبوضہ کشمیر واپسی کے خلاف نہیں اور کشمیری مسلمان ان کا خیر مقدم کریں گے ۔تاہم انہوںنے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کو جموںوکشمیر میں علیحدہ کالونیوں کی بجائے اپنے آبائی علاقوں میں بسایا جانا چاہیے ۔