انصار برنی کا وزیر اعظم نواز شریف اور جنرل باجوہ سے پاکستانیوں کی بازیابی کی اپیل

بدھ 8 فروری 2017 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 فروری2017ء) انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے طالبان کے ہاتھوں اغواشدہ چھ پاکستانیوں کی انسانیت و انسانی حقوق کے عظیم تر مفاد میں فوری رہائی کے سلسلہ میں اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ علمبردار انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا کہ طالبان کے ہاتھوں اغوا کئے گئے چھ پاکستانیوں کے اہل خانہ نے انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل سے رابطہ کرکے آگاہ کیا ہے کہ پولیش امریکن آئل اینڈ گیس کمپنی میں کام کرنے والے ان کے چھ افراد کو خالد محسود عرف سجنا نامی طالبان نے گزشتہ سال 26نومبر کو اغوا کر لیا ہے جن کی رہائی کے لئے کوششیں کی جائیں۔

(جاری ہے)

انصار برنی نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق عبدالخالق ولدقادربخش، شیر بہادر ولد شیر جان، محمد ریاض ولد محمد رمضان،محمد حسن ولد گل بادشاہ، ایم امین ولد محمد اسلم،امجد شہزاد ولدمحمد خان کو ڈیرہ اسمعیل خان سے طالبان گزشتہ سال اغوا کر کے وزیرستان لے گئے ہیں جن کی تلاش جاری تھی کہ اب طالبان نے ان چھ پاکستانیوں کی وڈیوبھی جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ اس سے قبل وہ ایل پولیش شہری کو بھی اغوا کرچکے ہیں اور مطالبات پورے نہ ہونے پر اسے قتل کر چکے ہیں۔انصار برنی ٹرسٹ نے ان اطلاعات ملنے کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور زیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پاکستانیوں کی بازیابی کے لئے ضروری احکامات صادرکریں ۔