سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کا اجلاس،پپس کے 2017-18ء کیلئے ورکنگ پلان اور عملے کیلئے 2016-17ء کے ایڈہاک ریلیف الائونس کی منظوری دی گئی

بدھ 8 فروری 2017 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) سپیکر قومی اسمبلی اور صدر بورڈ آف گورنرز پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پپس) سردار ایاز صادق کی زیر صدارت بدھ کو بورڈ آف گورنرز کا اجلاس پپس میں منعقد ہوا۔ سپیکر نے ممبران قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی، شیخ صلاح الدین اور نفیسہ عنایت الله خان خٹک کو بورڈ آف گورنرز کا ممبر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اجلاس میں شریک ہونے پر خوش آمدید کہا۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ/نائب صدر بورڈ آف گورنرز سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو، وزیر مملکت بر ائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سینیٹر نزہت صادق، سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، ممبر قومی اسمبلی ملک عزیر خان، سیکرٹری قومی اسمبلی عبدالجبار علی اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پپس کے ایگزیٹو ڈائریکٹر ظفر الله خان نے بورڈ کے ممبران کو پپس میں ہونے والی سرگرمیوں اور ایجنڈے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بورڈ نے گزشتہ سال کے دوران ادارہ میں قانون سازی، تحقیق اور ممبران پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ہونے والی سرگرمیوں اور کامیابیوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔ بورڈ نے پپس کیلئے مقررہ اہداف سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے خصوصاً پارلیمنٹ کے افسران کی تر قی کے کورسز کیلئے انعقاد، پارلیمانی رپورٹر کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے تربیت، نوجوانوں میں آئین اور پارلیمنٹ کے کام کے بارے میں آگاہی کیلئے سمینارز اور قومی اسمبلی کے اشتراک سے جنوری 2017ء میں کشمیر پر خصوصی بین الاقوامی پارلیمانی سیمینارکے انعقادکو سر اہا۔

بورڈ کے ممبران نے پپس کے 2017-18ء کیلئے ورکنگ پلان اور عملے کیلئے 2016-17ء کے ایڈہاک ریلیف الائونس کی منظوری دی جو فیڈرل گورنمنٹ ملازمین کیلئے یکم جولائی 2016ء سے نافذالعمل ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں پپس کے مالی سال 2016-17ء کے نظر ثانی شدہ بجٹ اور مالی سال 2016-17ء کے بجٹ کو زیر بحث لایا گیا۔ پپس کے بورڈ آف گورنرز کے صدر سر دار ایاز صادق نے پپس میں گورنمنٹ کے بجٹ کے مروجہ طریقہ کار کے تحت ایک منظم طر یقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلہ میں سیکرٹریٹ قومی اسمبلی اور سینٹ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو بجٹ کے طر یقہ کار کو حتمی شکل دے کر بورڈ کے اگلے اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

بورڈ آف گورنرزکی ایچ آر کی جائزہ سب کمیٹی کی کنوینئر مریم اورنگزیب نے پپس میں ایچ آر پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کوبتایا کہ پپس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارے کے تنظیمی ڈھانچے، ٹرمز آف ریفرنس اور جے ڈی پر ایک مفصل رپورٹ تیار کر رہے ہیں جو جلد مزید رہنمائی کیلئے بورڈ آف گورنرز کو پیش کر دی جائے گی۔ سپیکر قومی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پپس پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں قانون سازی، تحقیق اور ٹریننگ کے شعبوں میںکردار ادا کرتا رہے گا۔