ملک کی بقا کی جنگ میں باچا خان کے سپاہیوں نے جو قربانیاں دی ہیں، سردار حسین بابک

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو امن اور قربانی کا کیا پتہ ان کے لیڈر کی انگلی سے آج تک خون تک نہیں بہا،صوبائی جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

بدھ 8 فروری 2017 23:56

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور ایم پی اے سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ملک کی بقا کی جنگ میں باچا خان کے سپاہیوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہیں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو امن اور قربانی کا کیا پتہ ان کے لیڈر کی انگلی سے آج تک خون تک نہیں بہا جبکہ اے این پی کے کارکنوں نے قوم کے دشمنوں کا مقابلہ کرکے جانوں کے نذرانے پیش کئے وہ سرائے نورنگ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے سردار حسین بابک نے کہا کہ جب دہشت گرد سکولوں کو اڑا رہے تھے ،بازاروں اور حجروں کو بم دھماکوں سے نشانہ بنا رہے تھے، امن کے لئے کھڑا ہونے والے مشران کے گلے کاٹ رہے تھے ،ہر طرف ظلم اور بربریت تھی اور تعلیم کو تباہ کرکے جہالت کے گھٹا ٹوپ اندھیرے لانے کی کوششیں ہورہی تھیں ایسے سخت حالات میں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن میدان میں ڈٹے رہے انہوں نے اگر مگر سے کام لینے کی بجائے سینہ سپر ہوکر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا لیکن اس کے برعکس عمران خان 60ہزار افراد کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والے قوم کے دشمنوں کو بھائی کہہ کر ان کی وکالت کرتے تھے انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کی جنگ ہم نے لڑی ہے اسے نہ صرف شناخت دی بلکہ این ایف سی ایوارڈ میں حصہ بڑھایا اور بجلی و گیس کی رائلٹی میں اضافہ کیا شعبہ تعلیم کو ترجیحات میں سر فہرست رکھا اساتذہ کے سکیل بڑھائے اور انہیں ملازمتی ڈھانچہ فراہم پولیس کی تنخواہوں میں اضافے سمیت لاجسٹک سپورٹ مہیا کی اورتعلیمی ادارے قائم کئے انہوں نے کہا کہ آج تبدیلی کے نام نہاد چیمپین کہتے ہیں کہ وہ اساتذہ سے این ٹی ایس ٹیسٹ لیں گے کیا یہ وہ اساتذہ نہیں جو قوم کو جج، وکلاء، وزراء اور اراکین اسمبلی دے رہے ہیں حکومت این ٹی ایس ٹیسٹ لینا ہی چاہتی ہے تو صوبائی وزیر تعلیم کا لے انہوں نے کہا کہ صوبہ مالی بحران کا شکار ہے بلدیاتی نمائندے اور سرکاری افسران احتجاج کررہے ہیں مقامی حکومتوں کے پاس اختیارات ہیں نہ فنڈز اور مثالی نظام لانے والوں کی حقیقت قوم پر آشکارہ ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر اسلامی نظام لانے کا دعویٰ کرنے والے دراصل اسلام آباد میں اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنا چاہتے ہیں عوام بیدار ہوں اور سوچ سمجھ کر ووٹ کی طاقت استعمال کریں آنے والی حکومت عوامی نیشنل پارٹی کی ہوگی جو صوبے میں ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع کرے گی۔