موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ،ان مینڈ ریلوے لیول کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی ‘ابتدائی رپورٹ

خواجہ سعد رفیق کا فرید ایکسپریس سے موٹرسائیکل رکشہ ٹکرانے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارافسوس

بدھ 8 فروری 2017 23:49

موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ،ان مینڈ ریلوے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے فرید ایکسپریس سے بصیر پور اور وساوے والہ کے درمیان موٹرسائیکل رکشہ ٹکرانے سے چار افراد کے جاں بحق اور دو افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااورفوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور مہم جوئی کرتے ہوئے ان مینڈ ریلوے لیول کراسنگ عبور کرنے کی کوشش کی ۔

جس کے نتیجے میں چار قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور دو زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال وساوے والہ منتقل کردیا گیا۔حادثہ صبح 11بجکر 10منٹ پر ہوا جب لاہور سے کراچی جانے والی فرید ایکسپریس اپنے مقررہ وقت پر ٹریک سے گزر رہی تھی کہ ایک موٹر سائیکل رکشہ کے ڈرائیور نے ان مینڈ لیول کراسنگ کو تیزی میں عبور کرنے کی کوشش کی حالانکہ بصیر پور اور وساوے والہ کے درمیان اس ان مینڈ لیول کراسنگ پر احتیاطی بورڈ بھی نصب ہیں۔

(جاری ہے)

ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان مینڈ لیول کراسنگ کوعبورکرنے سے پہلے دونوں طرف دیکھیں کہ کہیں ٹرین تونہیں آرہی تسلی کرنے کے بعد کراسنگ کو عبو رکریں تاکہ قیمتی زندگی کو کسی بھی حادثے سے محفوظ بنایا جاسکے ۔