ایچ ای سی اور افغان حکومت نے اعلی تعلیم میں تعاون کے فریم ورک کی تیاری کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے

بدھ 8 فروری 2017 23:41

ایچ ای سی اور افغان حکومت نے اعلی تعلیم میں تعاون کے فریم ورک کی تیاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور افغان حکومت نے اعلی تعلیم کے شعبہ میں تعاون سے متعلق فریم ورک کی تیاری کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ بدھ کو ایم او یو پر دستخطوں کی تقریب ایچ ای سی میں منعقد ہوئی۔ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور افغانستان کی اعلیٰ تعلیم کی وزیر فریدہ مہمند نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

اس موقع پر ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ 800 افغان طلبہ خیبر پختون خوا اور وفاقی جامعات میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی کیلئے دونوں ممالک مل کر چل سکتے ہیں، ایچ ای سی کی ترقی سے افغانستان کو بھی فائدہ دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایسا ہی تعلیمی ڈھانچہ تیار کرکے دینے کی خواہش رکھتے ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم دے کر دونوں ممالک ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ملک میں گیارہ ہزار پی ایچ ڈی ہیں اور پی ایچ ڈی کے لئے ایک ہزار سکالرز امریکہ بجھوا رہے ہیں۔ اس موقع پر افغانستان کی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم فریدہ مہمند نے کہا کہ پی ایچ ڈی اور ماسٹرز ڈگری کے پروگرامز کیلئے پاکستان سے مزید تعاون کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے تعلیمی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابیں تعلیمی شعبہ میں مزید تعاون کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :