حکومت نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ ان کے خلاف پاکستان میں درج مقدمات کی پیروی کے لیے جاری کیے ہیں، پاکستانی حکومت عالمی قانونی ہتھیار ریڈ وارنٹ کو استعمال کرتے ہوئے الطاف حسین کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہی ہے

وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میںگفتگو

بدھ 8 فروری 2017 23:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ ان کے خلاف پاکستان میں درج مقدمات کی پیروی کے لیے جاری کیے ہیں، الطاف حسین پر دو طرح کے مقدمات ہیں ایک وہ جو ان پر برطانیہ میں کیے گئے جیسے منی لانڈرنگ، قتل اور قتل میں معاونت وغیرہ جن میں موجودہ حکومت نے برطانوی حکومت سے بھرپور تعاون کیا ہے جو ماضی میں نہیں فراہم کیا گیا، برطانیہ میں ان کیسز کی پیروی برطانوی قانون کے مطابق ہی ہو گی، اوردوسرے وہ جو ان پر پاکستان میں درج ہیں اور چونکہ الطاف حسین برطانوی شہریت رکھتے ہیں اور ہماری پہنچ میں نہیں اسی لیے پاکستانی حکومت ریڈ وارنٹ کو استعمال کرتے ہوئے جو کہ ایک عالمی قانونی ہتھیار ہے ان کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانیہ میں ان پر درج مقدمات کی پیروی نہیں کر رہے بلکہ ان پر جو مقدمات یہاں پاکستان میں درج ہیں ان کی پیروی کے لیے ریڈ وارنٹ کا ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف برطانیہ اور پاکستان میں متعدد کیسز درج ہیں، پاکستان میں اشتعال انگیز تقاریر سمیت متعدد کیسز میں الطاف حسین پر مقدمات درج ہیں جن کی پیروی کے لیے ان کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کامیاب کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔