ملتان میں 10مارچ کو بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ اس خطے میں سیاست کارخ تبدیل کردے گا ،ْ یوسف رضا گیلانی

بدھ 8 فروری 2017 22:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) سابق وزیراعظم اورپاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ ملتان میں 10مارچ کو بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ اس خطے میں سیاست کارخ تبدیل کردے گا وہ بدھ کے روز قلعہ قاسم باغ سٹیڈیم میں جلسہ گاہ کے انتظامات کاجائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔

یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ ہم اس جلسے کو کامیاب بنانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ماضی میں ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے جلسوں کی طرح بلاول بھٹو کاجلسہ بھی تاریخی اہمیت کاحامل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں منظر روز بدلتے ہیں ،آئندہ انتخابات کے نتائج کیا ہونگے اس کے بارے میں قبل ازوقت کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن تار یخ گواہ ہے کہ جب بھی پیپلزپارٹی کو آزادانہ طورپر انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملا تو اس نے ہی کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی بھلائی کے لئے اپناکردارادا کررہی ہے اورکرتی رہے گی۔ ایک سوال کے جو اب میں انہوںنے کہاکہ سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی عملی اقدامات کیے اورسینیٹ میں اس حوالے سے ترمیم بھی منظورکروائی اوراگرآج اس علاقے کو جنوبی پنجاب کہہ کر پکارا جارہاہے اورحکمران اس ترقی کے لئے کام کررہے ہیں تو یہ دراصل پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ نئی حلقہ بندیاں مردم شماری کی بنیاد پرہوتی ہیں،مردم شماری میں اس خطے کے لوگوں کو زبان کے خانے میںاپنی زبان سرائیکی بتانی چاہیے تاکہ معلوم ہوسکے کہ سرائیکی بولنے والوں کی اکثریت ہے۔ ڈونلڈٹرمپ کی پالیسیوں کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلے کریں۔