زاہد حامد سے ایشیاء فائونڈیشن کی نوتعینات نمائندہ صوفیہ شکیل کی ملاقات

ہماری حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے ،ْوفاقی وزیر

بدھ 8 فروری 2017 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد سے ایشیاء فائونڈیشن کی نوتعینات نمائندہ صوفیہ شکیل نے ملک کے نمائندوں کے ساتھ وزارت میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا ساتویں درجے کا ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے جن میں پیرس معاہدہ کی توثیق آئی این ڈی سی کو پیش کرنا، موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی، موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی فریم ورک کا اطلاق اور موسمیاتی تبدیلی کا قانون شامل ہے۔

بین الاقوامی معیار کے پیش نظر منصوبوں کو تیار کرنے اور ان کے نفاذ کیلئے موسمیاتی تبدیلی کی کونسل قائم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی نے موسمیاتی تبدیلی کے قانون کی منظوری دی ہے۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد اگلے 3 ماہ کے اندر اندر یہ ایک فعال قانون ہو گا۔ ایشیاء فائونڈیشن کو وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے آغاز کے بارے میں بتایا گیا۔ ایشیاء فائونڈیشن کی نمائندہ صوفیہ شکیل نے موسمیاتی تبدیلی کونسل کی تنظیم نو اور موسمیاتی تبدیلی کے چھوٹے منصوبوں کی گرانٹ میں مدد کی پیشکش کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری سیّد احمد ابو عاکف نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ابواب پر مشتمل کتا ب ابتدائی سکول کے بچوں کیلئے تیار کی گئی ہے۔