کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو ڈاکٹر فصیح الدین اشرف کا دوسرا مجموعہ"صحرا میں اذان"منظر عام پر آگیا

بدھ 8 فروری 2017 22:25

پشاور۔08 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) معروف محقق، مصنف اور اعلیٰ پولیس آفیسر(کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو)ڈاکٹر فصیح الدین اشرف کے علمی و تحقیقی مضامین کے دوسرے مجموے "صحرا میں اذان"(خامہ بہ جوش جلد دوم)کا دوسرا ایڈیشن اضافوں کے ساتھ شائع ہوکر منظر عام پر آچکا ہے ۔مصنف نے مذکورہ ایڈیشن کو معروف عالمی شخصیات ڈاکٹر مہاتیر محمد (سابق وزیر اعظم ملائیشیاء )، ڈیوڈ کیمرون (سابق وزیر اعظم برطانیہ) اور صدر شی جن پنگ (صدر عوامی جمہوریہ چین) کے نام منسوب کیا ہے جنہوں نے ہمیشہ اپنے عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کا احترام کیا ہے۔

100کے لگ بھگ ان مضامین کو مختلف عنوانات کے تحت ترتیب دیا گیا ہے جس میں سلوک و تصوف، سیرت رسولﷺ اور عصر حاض کے مسائل، عالمی امن و سلامتی ،انتہاپسندی ،چین کا عالمی کردار ،امریکہ ،افغانستان اور فاٹا ،پولیس انسانی حقوق ،طنز و مزاح، تنقید ،علمی و ادبی شخصیات ،تبصرے اور بیرون ممالک اسفار وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ ایڈیشن پر سابق گورنر خیبر پختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) علی محمد جان اورکزئی اور پاکستان سٹڈی سنٹر یونیورسٹی آف پشاور کے ڈائریکٹر پروفیسر فخرالاسلام نے تفصیلی پیش لفظ اور دیباچہ لکھا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خامہ ب جوش(اول جلد) کے سات ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں جسے علمی و ادبی حلقوں اور سی ایس ایس/پی ایم ایس اور مقابلے کے امتخانات کے اُمیدواروں میں بے حد سراہا گیا ہے جبکہ حال ہی میں ان کے پہلے شعری مجموعے "د جنون چپی"کی رونمائی بھی ہو چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :