قران پاک کی اشاعت میں غیر معیاری کاغذ استعمال کرنے کے ملزم کی ضمانت منظور

بدھ 8 فروری 2017 21:52

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) لاہور کی سیشن عدالت نے قران پاک کی اشاعت میں غیر معیاری کاغذ استعمال کرنے کے الزام میں درج مقدمہ کے ملزم راشد نعیمی کی ضمانت منظور کر لی۔ ایڈیشنل سیشن جج لاہور عمر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔ملزم کے خلاف تھانہ نیو انار کلی میں مختلف کتب خانوں کے خلاف ہولی قرآن ایکٹ کی دفعہ 9/6کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ رجسٹرڈ ادارے نہیں ہیں اورنہ ہی قرآن پاک کی اشاعت میں معیاری کاغذاستعمال کر رہے ہیں ۔

دوران سماعت درخواست گزار نعیمی کتب کے مینجرراشد نعیمی کے وکلاء غلام مجتبیٰ چوہدری اور محمد مدثر چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کاا دارہ 35سال سے دینی کتب کی طباعت و اشاعت کر رہا ہے اور یہ ہمیشہ کتب کی اشاعت کے لئے بیرون ملک سے درآمد شدہ کاغذ استعمال کرتے ہیں اور ادارے کی رجسٹریشن کی درخواست متعلقہ ادارہ میں سال 2011سے پڑی ہیں مگر محکموں کے آپس کے اختلافات کی وجہ سے رجسٹریشن نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں کاغذ کے معیار کی بابت کوئی فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ وغیرہ موجود نہیں، جبکہ پولیس ملازمین عدالت سے عبوری ضمانت ہونے کے باوجود راشد نعیمی سے رشوت کی مد میں رقم بٹورتے رہے ہیں اور ابھی تک پیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں ، ہمارا ادارہ ایک خالص دینی کتب کی اشاعت کا ادارہ ہے اور ہمارے ادارے کی کسی کتاب پرکسی بھی سرکاری محکمہ کی جانب سے پابندی نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔