ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں‘ رانا مشہود احمد

وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے‘ وزیر تعلیم

بدھ 8 فروری 2017 14:43

ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ماہرین تعلیم کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔

ہر سال ہزاروں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،اساتذہ کا تربیتی پروگرام، سکولوںاور کالجوں کی تعداد میں اضافہ ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کا قیام ،نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو گارڈ آف آنر پنجا ب حکومت کی جانب سے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے جس سے تبدیلی کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوان ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ محنت ، لگن اور معیاری تعلیم حاصل کرکے ہی معاشرے میں با وقار مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔