راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا واٹر سپلائی کا بڑا منصوبہ رواں سال جون میں مکمل کر لیا جائے گا

پانی سٹوریج کے لئے کینٹ کے تین مقامات پر جگہ حاصل کر لی گئی، وائس پریزیڈنٹ کینٹ بورڈملک منیر کی اے پی پی سے گفتگو

بدھ 8 فروری 2017 14:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے شروع کیا جانے والا واٹر سپلائی کا میگا پروجیکٹ رواں سال جون میں مکمل کر لیا جائے گا جبکہ آر سی بی انتظامیہ نے پنجاب حکومت سے پانی سٹوریج کے لئے کینٹ کے تین مقامات پر جگہ حاصل کر لی ہے۔کینٹ بورڈ انتظامیہ کے مطابق 88کروڑ 85لاکھ روپے کی خطیر لاگت سے یہ منصوبہ 3مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے ۔

کینٹ بورڈ کے وائس پریزیڈنٹ ملک منیر نے گذشتہ روز "اے پی پی"سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس منصوبہ میں پانی حاصل کرنے کااہم ذریعہ خان پورڈیم ہے جس کا مقصد راولپنڈی کینٹ اور چکلالہ کینٹ کے ایریاز میں پانی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خان پور ڈیم سے یومیہ 9ملین گیلن حاصل کیا جا رہا تھا مگر اس منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 25ملین گیلن پانی حاصل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے پہلے دوفیززمکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ تیسرا فیز تکمیل کے مراحل میں ہے۔ملک منیر نے بتایا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی کینٹ کے شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جبکہ پانی کی سٹوریج کے لئے کینٹ کے تین مقامات پر پنجاب حکومت سے جگہ حاصل کی گئی ہے۔منصوبے کے مطابق پانی سٹوریج کے لئے بوکڑہ کے مقام پر یومیہ2لاکھ گیلن،علی آباد کے مقام پر یومیہ 5لاکھ گیلن،ڈھوک سیداں کے مقام پر 2لاکھ گیلن اور ہائی وے کالونی میں تقریبا1لاکھ گیلن سٹوریج کے انتظامات کئے گئے ہیں۔