پی ایس ایل کا تجربہ پاکستانی کرکٹ کو آگے لے جائے گا ، مہیلا جے وردھنے

کھلاڑیوں کے لیے شاندار موقع ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کرکٹرز کے خلاف کھیل کر اس تجربے سے فائدہ اٹھائیں،گفتگو

بدھ 8 فروری 2017 13:07

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تجربہ پاکستانی کرکٹ کو آگے لے کر جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے معیار سے بہت متاثر ہیں اور اب نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے شاندار موقع ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کرکٹرز کے خلاف کھیل کر اس تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کرکٹ نہیں ہورہی لیکن متحدہ عرب امارات میں پاکستان کئی سالوں سے ہوم ٹیم کی طرح کھیل رہا ہے جس کے باعث اسے یہاں شکست دینا بہت مشکل ہے۔‘مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ ’میں یو اے ای میں پاکستان کے خلاف کئی بار کھیل چکا ہوں اور جانتا ہوں اسے یہاں شکست دینا کتنا مشکل ہے، لیکن پی ایس ایل کے ذریعے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس اہم موقع ہے کہ وہ ناصرف دنیا کے بہترین کرکٹرز کے ساتھ کھیلیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بھی منوائیں۔‘سابق سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن انتہائی کامیاب رہا اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث اس کا یہ ایڈیشن بھی کامیاب ہوگا۔‘

متعلقہ عنوان :