جڑی بوٹیوں کے پیدا ہونے کے اسباب کو ختم کرنے کیلئے مہم 20 فروری سے شروع ہوگی، تر جمان محکمہ زراعت

بدھ 8 فروری 2017 12:47

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) فصلوںکی پیداوار میں اضافہ کیلئے جڑی بوٹیوں کے پیدا ہونے کے اسباب کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی ضرورت ہے ،محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق جڑی بوٹیوں کے پیدا ہونے کے اسباب کو ختم کرنے کیلئے 20فروری سے شروع ہونے والی مہم سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ جڑی بوٹیوں کے پیدا ہونے کی تین بنیادی وجوہات ہیں، جڑی بوٹیاں جنگلوں ، غیر آباد جگہوں، نہروں، سڑکوں، کھالوں، ریل کی پٹڑیوں کے کنارے پراگتی ہیں اور مسلسل کثیر تعداد میں اپنا بیج بناتی رہتی ہیں، جہاں سے یہ بیج ہوا، پانی اور جانوروں کے ذریعے کھیتوں تک پہنچ جاتے ہیں دوسری یہ کہ چراگاہوں میں چرنے والے جانور جڑی بوٹیاں کھاتے ہیں، کاشتکاران کا گوبر کھیتوں میں بطور کھاد استعمال کرتے ہیں تو جڑی بوٹیوں کے بیج گوبر کے ساتھ مل کر نئے کھیتوں میں منتقل ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تیسی یہ کہ بہت سی فصلوں کے بیجوں میں جڑی بوٹیوں کے بیج بھی ملے ہوتے ہیں، اس طرح جڑی بوٹیاں ایک کھیت سے دوسرے کھیت تک پہنچ جاتی ہیں، جڑی بوٹیوں کے بیج فصلوں کے بیجوں کے ساتھ مل کر نہ صرف ایک کھیت سے دوسرے کھیت تک بلکہ ایک ملک سے دوسرے ملک پہنچ جاتے ہیں مثلاً دمبی سٹی کا بیج ساٹھ کے عشرے میں میکسیکو سے درآمد شدہ گندم کے بیج کے ساتھ پاکستان پہنچ گیا اور آج ہمارے ملک کیلئے بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے،ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ ان جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے مہم 20فروری سے شروع کی جائے گی۔