گلگت بلتستان: گلیشیئر آبادی کی جانب سرکنے لگا

گلیشیر سرکنے اور برفانی تودے سے متعدد گھروں کے دبنے کی اطلاعات، ارندو گاوں کے 14خاندان گھر بار چھوڑ کر دوسرے گاوں میں منتقل

بدھ 8 فروری 2017 11:43

گلگت بلتستان: گلیشیئر آبادی کی جانب سرکنے لگا
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء)گلگت بلتستان کے ضلع شگر کے گاوں ارندو میں گلیشیر آبادی کی جانب سرکنے لگا ۔ گلیشیر سرکنے اور برفانی تودے سے متعدد گھروں کے دبنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ برفانی تودے میں دب کرسیکڑوں جانورہلاک ہوگئے ہیں۔کمشنر بلتستان کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم پیدل گاوں کی جانب روانہ ہوگی۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے رکن عمران ندیم کے مطابق بلند ترین بستی ارندو گاوں میں گزشتہ تین دنوں میں 10فٹ سے زائد برف باری ہوئی۔

جس کے باعث گلیشئر سرکنے لگا اور برفانی تودے گرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔گلیشئرکے ملبے میں دب کر سیکڑوں جانوروں کی ہلاکت اور متعدد مکانات کے دبنے کی اطلاعات ہیں۔ گلیشیئر سرکنے اور تودہ گرنے کی آوازیں آتے ہی لوگ گھروں سے نکل گئے۔

(جاری ہے)

ارندو گاوں کے 14خاندان گھر بار چھوڑ کر دوسرے گاوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔کمشنر بلتستان ڈویژ ن عاصم ایوب کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیم شگر سے پیدل ارندو گاوں کی جانب روانہ ہوگی۔ ٹیم کے ہمراہ کھانے پینے کی اشیا بھی روانہ کی جائیں گی۔ٹیم کے پہنچنے میں دو سے تین دن لگیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف باری کے باعث گلتری، شیلا گاوں سمیت متعدد دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہے، راستے بند ہیں، پاک فوج سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔