چیئرپرسن ٹیلی نارگروپ کا ٹیلی نار پاکستان کا ایک روزہ دورہ

اعلیٰ انتظامی نمائندوں سے ملاقاتیں،ر کمپنی کے طویل مدتی اہداف کے بارے میں تبادلہ خیال

بدھ 8 فروری 2017 11:11

چیئرپرسن ٹیلی نارگروپ کا  ٹیلی نار پاکستان کا ایک روزہ دورہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2017ء) ٹیلی نارگروپ کی چیئرپرسن Gunn Waersted نے حال ہی میں ٹیلی نار پاکستان کا ایک روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے ٹیلی نار پاکستان کے اعلیٰ انتظامی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور کمپنی کے طویل مدتی اہداف کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن انوشہ رحمٰن سے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں آئی سی ٹی کے شعبے کی غیرمعمولی ترقی اور ٹیلی نار کی پاکستان کے ساتھ طویل مدتی وابستگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر Gunn Waersted نے کہا کہ ’’ٹیلی نار کی پاکستان کے ساتھ وابستگی طویل مدتی بنیادوں پر قائم ہے جس کا اظہار ٹیلی نار کی پاکستان میں اب تک کی جانے والی بھرپور سرمایہ کاری سے کیا جاسکتا ہے جس کی مالیت 2005میں خدمات کے آغاز سے اب تک 3.5ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا عزم معاشرے کو بااختیار بنانا ہے اور ہماری کامیابی اسی عزم سے ماخوذ ہے۔

ہمارے نزدیک مالیاتی خدمات اور انٹرنیٹ جیسی سہولیات آبادی کے مخصوص حصے کی تعیشات تک ہی محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ہر فرد کو ان سہولتوں تک رسائی کا حق حاصل ہے اور اس ویژن کی تکمیل میں ٹیلی نار پاکستان نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے ایک بھروسہ مند ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت اور ڈیجیٹل ترقی اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں حکومتوںاور کاروباری و دیگر اداروں کے کردار پر زور دیا۔

اپنے دورے کے موقع پر Gunn Waersted نے حال ہی میں گروپ وائڈ ’’ٹرانسفارمیشن ایوارڈ‘‘جیتنے پر ٹیلی نار پاکستان کو سراہتے ہوئے ملک میں سرفہرست ٹیلی کام آپریٹر بن کر ابھرنے اور پسندیدہ ڈیجیٹل لائف اسٹائل پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے پر ٹیلی نار پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی اور مستقبل کے لیے گروپ کی توقعات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او عرفان وہاب نے کہا کہ ’’ہم Ms. Waerstedکو خوش آمدید کہتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی حیثیت سے نمایاں شناخت قائم کرنے کے سفر کے اعتراف پر ان کا اور گروپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ہمیں یقین ہے کہ ان کا دورہ ٹیلی نار کی پاکستان میں مستحکم بنیادوں پر سرمایہ کاری اور معاشرے کی سماجی ومعاشی ترقی کے لیے ٹیلی نار کے متحرک کردار کی ایک اور دلیل ہے۔ پاکستان میں 2005سے خدمات فراہم کرتے ہوئے ہم نے پاکستان کی معیشت اور معاشرے کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور لوگوں کی زندگیوں میں مختلف متعدد طریقوں سے اہمیت رکھتے ہیں۔

ہم ملک کی 84فیصدآبادی کو ٹیلی کام سروسز کی سہولت تک رسائی دینے کے ساتھ ساتھ بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں کی مد میں 2.3ارب ڈالر کی ادائیگیوں کے ذریعے معیشت میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور صرف 2015کے دوران بلواسطہ اور بلاواسطہ 180,000 سے زائد روزگار کے مواقع مہیا کیے ہیں۔ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کرنے کے ساتھ ملک میں ڈیجیٹل اور مالیاتی شمولیت بڑھانے کے لیے بھی ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے نتیجہ خیز اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔

ٹیلی نار پاکستان اسی پختہ عزم کے ساتھ پاکستانی معاشرے کی خدمت جاری رکھے گی۔ ‘‘ٹیلی نار کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن منتخب ہونے کے بعدGunn Waersted نے 14جنوری 2016کو اپنا عہدہ سنبھالا ہے۔ ٹیلی نار گروپ دنیا کے سرفہرست موبائل آپریٹرز میں شامل ہے اوراس وقت یورپ اور ایشیاء کی 13مارکیٹس میں 214 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :