وزیراعظم محمد نواز شریف 20خصوصی بچوں کے ہمراہ 9فروری کو موسم بہار 2017ء کی شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے

منگل 7 فروری 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف 20خصوصی بچوں کے ہمراہ 9فروری کو موسم بہار 2017ء کی شجر کاری مہم کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق9فروری 2017ء کو ہی پاکستان بھر میں نیشنل گرین ڈے منایا جارہا ہے۔ اس گرین قومی دن کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ اس دِن تمام صوبوں آزادجموں وکشمیر، گلگت بلتستان میں مختلف اقسام کے علاقائی اور مقامی اقسام کے پودے لگائے جائیں گے۔

بلوچستان ،گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا،سندھ کے وزراء اعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر نے شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے وفاق کی سطح پر شروع کی جانے والی اس شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بڑے وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی اور اسی طرح سیاسی قیادت، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور غیر سرکاری ادارے بھی پاکستان بھر اور تمام صوبوں میں اسی دن کے موقع پر شجرکاری کریں گے اور پاکستان کو سر سبز بنانے کا قومی دن منائیں گے۔

موسم بہار کی موجودہ شجرکاری مہم میں 257 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے زیاد تر پودے مقامی طور پر پیدا ہونے والی اقسام کے ہوں گے۔ یہ تمام سرگرمیاں وزیراعظم کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہوں گی۔گرین پاکستان پروگرام وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا ہے تاکہ ملک میں جنگلات اور جنگلی حیات کی تجدید نوکے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر بھی قابو پایا جا سکے۔مزیدبرآں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گرین پاکستان پروگرام کے لیے ہونے والی تمام سرگرمیوں کا احاطہ کرنے والے امبریلا پی سی ون کی منظوری دے دی ہے اور اس پروگرام کے تحت پاکستان کے تمام وفاقی یونٹوں اور صوبوں میں پہلے ہی سرگرمیاں جاری ہیں۔