جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کا مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ ، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

منگل 7 فروری 2017 23:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں سول ہسپتال نرسنگ ہاسٹل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نصرت پروین اور دیگر کررہے تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایکشن کمیٹی کی عہدیداران کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کا احتجاج جاری رہیگا اس سلسلے میں سول ہسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی میں نرسز 10 سی11 بجے تک احتجاج پر رہیں گی ۔

ان کا کہنا تھاکہ محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے انہیںیقین دہانی کرائی گئی کہ 10 روز کے اندر ان کے لئے الائونسز کی منظوری کانوٹیفکیشن جاری کردیاجائے گا اگر اس دوران نوٹیفکیشن کا اجراء نہ ہوا تو وہ اپنے احتجاج کو 2 گھنٹے تک توسیع دینے پرمجبورہوں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نرسز نہیںچاہتی کہ ان کی احتجاج کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑے لیکن انہیں احتجاج کے لئے مجبور کیا جارہا ہے نرسز ہی ہے جودن رات دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نرسز جس گریڈ میں بھرتی ہوتی ہے اسی گریڈ میں وہ ریٹائرڈ بھی ہوجاتی ہیں جو ان کے ساتھ ناانصافی کے سوا کچھ نہیں، حالانکہ انہیں 7 سال تک زیرتعلیم رہ کر نرسنگ کی ڈگری دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نرسز کے لئے رہائشی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ گزشتہ 8 سال کے دوران ہاسٹل کی رنگ و روغن ودیگر کا کام نہیں ہوسکے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ شادی شدہ نرسز کے لئے رہائشی کالونی بنائی جائے اور سروس اسٹریکچر بنایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹراما سینٹر میں خدمات دینے والی نرسز کے ساتھ وعدہ کیا گیا کہ انہیں وہاں خدمات کے بدلے اضافی تنخواہ دی جائے گی جو اب تک و فا نہیں ہوا ۔ انہوں نے رسک اور ہیلتھ پروفیشنل الائونس کابھی مطالبہ کیا اور کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے سے نرسز کی احساس محرومی میں اضافہ ہورہاہے ۔

متعلقہ عنوان :