عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اراکین اسمبلی کی ترجیح ہونی چاہئے،گورنر سندھ

منگل 7 فروری 2017 23:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے اراکین نے رکن سندھ اسمبلی اسماعیل راہو کی سربراہی میں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی سید اعجاز علی شاہ شیرازی، سید امیر حیدر شاہ شیرازی، مس سورٹھ تھیبو، ہمایوں ایم خان، حاجی شفیع محمد جاموٹ اور سید حسین شاہ شیرازی بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے اراکین صوبائی اسمبلی قوانین وضع کریں کیونکہ مربوط و موثر قانون سازی کے ذریعے ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے رکن کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حلقہ کے مسائل اسمبلی میں اٹھائے تاکہ ان کے حل کے موثر اقدامات اٹھائے جا سکیں، مثبت سوچ اور کردار ہی اجتماعی سوچ کو جنم دیا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عوام جب کسی کو اسمبلی کے لئے منتخب کرتی ہے تو اس کی اس رکن اسمبلی سے بڑی امید ہوتی ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کرائیں گے، عوام کی ان توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھانا رکن اسمبلی کی ترجیح ہونا چاہئے۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی نے گورنر سندھ کو اپنے اپنے حلقہ میں درپیش مسائل سے تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔

اراکین اسمبلی نے محمد زبیر کو گورنر سندھ بننے پر مبارکباد بھی پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ ان کے گورنر سندھ بننے سے صوبائی حکومت اور وفاق میں ہم آہنگی اور باہمی ربط قائم ہو گا جس سے صوبہ کے مسائل کے حل میں مزید تیزی آئے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ وفاق اور صوبہ میں مکمل ہم آہنگی قائم ہو ساتھ ساتھ صوبہ میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا کے قیام میں بھی گورنر ہائوس اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :