کوئٹہ، حکومتی کوششوں کے باعث صوبے میں بدعنوانی کا خاتمہ ہوا ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

جس محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اس کو انعام جبکہ خراب کارکردگی کو برداشت نہیں ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری

منگل 7 فروری 2017 22:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں کے باعث صوبے میں امن و استحکام میں نمایاں بہتری اور بدعنوانی کا بڑی حد تک خاتمہ ہوا ہے تاہم ترقیاتی عمل سست روی کا شکار ہے، جسے تیز کرنے کی ضرورت ہے، اس کے لیے محکمے اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں جس محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اس کے سربراہ کو انعام دیا جائیگا، تاہم خراب کارکردگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی 2016-2017 میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، عبیداللہ بابت، در محمد ناصر، سینیٹر آغا شہباز درانی، اراکین صوبائی اسمبلی میر اظہار حسین کھوسہ ، میر عاصم کرد گیلو اور فتح بلیدی بھی اجلاس میں شریک تھے، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر عمر بابر اور دیگر ترقیاتی محکموں کے سیکریٹریوں نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت میں سست روی پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے ترقیاتی عمل کے حوالے سے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے تنقید کا سامنا ہمیں ہی کرنا پڑتا ہے، جبکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوتی ہے ، انہوں نے افسران پر زور دیا کہ انہیں ناصرف یہ یقین دلانا ہوگا بلکہ عملی طور پر بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ محنت ، لگن اور خلوص نیت سے اپنے فرائض کی انجام دہی کریں گے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز کے بروقت اجراء اور ان کے مقررہ مدت کے اندر صحیح معنوں میں استعمال ہی سے مکمل کیا جا سکتا ہے، اگر اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی تو ترقیاتی اسکیمیں بروقت مکمل ہونگی اور عوام تک ان کے ثمرات پہنچیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پی ایس ڈی پی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے تسلسل کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

فنڈز کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا

متعلقہ عنوان :