سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعدادمیں اضا فے کا مطالبہ غیرجمہوری ہے، ملیحہ لودھی

منگل 7 فروری 2017 22:50

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2017ء)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعدادمیں اضافے کے مطالبے کومستردکرتے ہوئے اسے غیرجمہوری قراردیاہے ،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل اصلاحات پربین الحکومتی مذاکرے سے خطاب میں کہاکہ سلامتی کونسل میں مزیدمستقل ممبران کی شمولیت کامطالبہ جمہوری احتساب اورمساوات کے اصولوں کے منافی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اکیسویں صدی میں کسی ادارے کوخواہ قومی ہویابین الاقوامی چلانامشکل ہے ،جس میں نمائندگی اوراحتساب کے بنیادی اصولوں کولاگونہ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ہم سب سلامتی کونسل میں اصلاحات چاہتے ہیں تاکہ ماحول تبدیل کیاجائے ،تاہم ایک مستقل نشست جیسے اقدام سے کس طرح ہم اس مسئلے کاحل نکال سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے واضح کیاکہ پاکستان کونسل میں اصلاحات کاحامی ہے جوکہ زیادہ جمہوری نمائندگی ،احتساب ،شفاف اورمؤثرہو۔

کونسل میں توسیع ضروری ہے لیکن اس میں مساوات اورتمام رکن ممالک کوانتخاب کاموقع ملناچاہئے ۔اقوام متحدہ کی رکنیت کے بنیادی اصولوں پرعمل پیراہونے اصلاحات کی طرف اہم اقدام ہے ۔انہوںنے تجویزپیش کی کہ اصلاحات کی نوعیت اوراصولوں پرایک وسیع ترمعاہدہ ہوناچاہئے ،جس کے بغیرمسودے پرکام کرنااس کے برعکس کام کرنے کے مترادف ہوگا۔انہوںنے یہ بات زوردیکرکہی کہ کامیاب کثیرالمقاصدمذاکرات کے لئے سمجھوتہ اورلچک ضروری ہے ۔

انہوںنے خبردارکیاکہ مسلط کردہ عہدوں اوربعض ممالک کی جانب سے سخت گیرمؤقف اپنانیسے اصلاحات کاعمل تعطل کاشکارہوگااوراس میں ڈیڈلاگ پیداہوگی ۔اس کے ساتھ ہی انہوںنے کہاکہ اتفاق رائے کیلئے متحد گروپ جس سے پاکستان تعلق رکھتاہے دومرتبہ گروپ نے اپنی تجویزپرنظرثانی کی ہے تاکہ سب کیلئے قابل عمل حل تلاش کیاجاسکے ۔اس سے افریقہ کامطالبہ بھی پوراہوسکے گااورمناسب اورمساویانہ اندازمیں حل سامنے آئے گا۔(یاسرعباسی)