جنرل بس ٹرمینل منصوبہ کو عوام کے وسیع ترمفاد میں جلدپایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

منگل 7 فروری 2017 22:30

گلگت۔07 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جنرل بس ٹرمنل کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کا آغاز 2006ء میں ہوا لیکن اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ التواء کا شکار رہا صوبے میں حکومت کے قیام کے بعد ترجیحی بنیادوںپر اس منصوبے کو عوام کے وسیع تر مفاد میں پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔

وفاق عوامی کی زندگیوں کی آسانی اور علاقے کی ترقی کیلئے وسائل فراہم کررہا ہے عوام کے ووٹوں سے بننے والی حکومت کی ذمہ داری کا مقصد وژن دینا اور اداروں کی مانیٹرنگ کرنا اداروں سے کام لینا ہوتا ہے اگر حکمران ناجائز مطالبے اور اپنی جیبیں ان اداروں سے بھریں تو اداروںکی ساکھ اور کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت کے قیام کے بعد اداروں میں اصلاحات متعارف کرائے جس کی وجہ سے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے اداروں کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

گلگت سے بلاتفریق تجاویزات کے خاتمے کیلئے واضع احکامات دیئے گئے ہیں جس کے مطابق تجاویزات کے خاتمے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ ماضی میں لوکل گورنمنٹ کے ادارے کے بارے میں عوام کا منفی تاثرتھا جسے ادارے کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ختم کیا گیااب محکمہ بلدیات پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے عوام اس ادارے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ گلگت میونسپل کارپوریشن بنا ہے جہاں کارپوریشن کے انتخابات ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ اس خطے کے ساتھ ماضی میں بہت ظلم ہوااہے اب ہم سب نے عہد کرنا ہے کہ اپنے فرائض کی ادائیگی ایمانداری سے کریںاس علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہم سب نے اپنے حصے کی شمع کو روشن کرنا ہے۔ ہماری پارٹی کے کارکن علاقے کی ترقی ، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور میرٹ کی بات کرتے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

ٹھیکیداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ماضی میں یہی ٹھیکیدار ایسوسی ایشنز ہر وقت دھرنوں پر ہوتے تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صرف جوٹیال میں تعمیر وترقی ، شاہراہوں ا ور فراہمی آب کے ڈھائی ارب کے منصوبوں پر کام جاری ہے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔ اگر سابق حکمران اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ان ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اداروں سے پوچھتے تو گلگت بلتستان مردہ منصوبوںکا قبرستان نہ بناہوتاسابق ادوار میں کوئی ایک بھی منصوبہ اپنی مدت میں مکمل نہیں ہوا۔

گلگت بلتستان امن کے حوالے سے مثالی علاقہ بن چکا ہے بحیثیت قوم گلگت بلتستان کے ہم سب نے اپنے رویوں میں بہتری لانا ہے اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ گلگت میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کیلئے منصوبے پر کام جاری ہے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے خواتین اور بزرگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے جس پر کبھی توجہ نہیں دیا گیا ہے ہماری حکومت اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنائے گی2017ء کے اختتام سے قبل عوام کو انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں موجود ادویات کی لسٹیں آویزاں کریں۔ہم سب نے اپنے حلف کی پاسداری کرنی ہے جس کسی ادارے سے اجازت نامہ ملا ہے اس کی حفاظت اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنی ہوگی جو بھی قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرے گی اس کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی ہوگی قانون سب کیلئے برابر ہے قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔

ڈکٹیٹر کے دور میں گلگت بلتستان میں ترقی نہیں ہوئی بلکہ گلگت بلتستان کو تباہ کیا گیاسابق حکومت بھی بے حواسوں کی تھی روز چونگی روڈ سے گزرتے تھے لیکن اس روڈ کی بہتری کا کبھی ان کوخیال نہیں آیا گلگت بلتستان کے ساتھ مخلص ہی نہیں تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ہم میرٹ پر کام کررہے ہیں ریاست کا ہر ادارہ اپنا کردار ادا کررہاہے ترقیاتی منصوبے معیاری کو بہتر بن رہے ہیں گلگت کی گلیوں میں ٹف ٹائل نصب کئے جائیں گے ماسٹر پلان کے تحت شہر کی تعمیر و ترقی کی جارہی ہے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جنرل بس ٹرمنل کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔