تھیلی سیمیاسے پاک معاشرہ کی تشکیل میں تعاون کیاجائیگا،محمدباقربیگی

منگل 7 فروری 2017 22:30

پشاور۔07 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء)ایرانی قونصلرجنرل محمد باقربیگی نے کہا ہے کہ ایران دکھی انسانیت کی خدمت جیسے جذبات کوقدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،تھیلی سیمیاایک موروثی بیماری ہے جس کے تدارک کیلئے حکومت پاکستان ٹھوس اقدامات اٹھائے ، ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے موروثی بیماری کے خاتمے میں ہرممکن تعاون کیاجائیگا، ان خیالات کااظہار انہوں نے فرنٹیئرفائونڈیشن پشاور کے دورہ کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل انہوں نے تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا وارڈز کادورہ اور مریضوں سے ملے جبکہ لیبارٹری گئے اور وہاں انتقال خون ،عطیات خون کومحفوظ کرنے کے طریق کاراور دیگرامور کے بارے میں آگاہی حاصل کی،فرنٹیئر فائونڈیشن پشاورکے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹرفخرزمان نے مریض بچوں کی فراہم کی جانے والی خدمات پرمکمل بریفنگ دی،اس موقع پرفرنٹیئرفائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمدحلیم ،ڈائریکٹر پبلک ریلیشن فاروق مہمنداور ڈائریکٹر پراجیکٹس لائبہ فیاض بھی موجودتھیں، ایرانی قونصلر جنرل محمد باقر بیگی نے ادارہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کیلئے سسکتے بچوں کوبلامعاوضہ انتقال خون کی خدمات فراہم کرنا عبادت کادرجہ رکھتی ہیں،انہوں نے شادیوں سے قبل تھیلی سیمیا ٹیسٹ کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کومحفوظ بنانے کاواحد طریقہ تھیلی سیمیاٹیسٹ ہے جسے اپنا لینے سے ہی معاشرہ کوخون کے موروثی امراض سے پاک کیا جا سکتاہے، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔