علماء کرام امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں ۔حاجی حبیب الرحمن

منگل 7 فروری 2017 22:30

پشاور۔07 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اوقاف، زکواة و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز صوبے کے ضلعی و تحصیل خطباء کے ایک بارہ رکنی وفد نے ملاقات کی اور صوبائی وزیر کو اپنے ملازمتی ڈھانچے کے حوالے سے درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی ملازمتوں کو ریگولرائز(Regularise)کیا جائے تاکہ ان کی تنخواہوں کی ادائیگی محکمہ اوقاف کی بجائے محکمہ خزانہ سے ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی ریگولر ائزیشن اور دیگر مسائل پر ہمدردانہ غور کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت علماء کرام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ وہ ہماری نسلوں کو دینی علوم سے آراستہ کرتے آرہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ خطباء مساجد میں خصوصی طور پر لوگوں کو امن اور بھائی چارے کا درس دیں تاکہ اسلامی اقدار اور اصولوں پر مبنی ایک متوازن معاشرے کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔وفد کے اراکین میں مولانا میکائیل ، مولانا عبدالوہاب، عزیز الحق ،نصیرالدین، حمید الرحمن، لطف الله، محمد اسحاق، مجیب الرحمن، مفتی اشفاق ، عبدالرحیم شاہ ،فصیح الرحمن اور حافظ محمد رشید شامل تھے۔