کالعدم لشکر جھنگوی،تحریک طالبان پاکستان ، المنصور اور لشکر خراسانی سمیت تمام تنظیموں کو ختم کر دیا گیا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے تحت 200 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں ، تقریباً 6 ہزار زیر حراست ہیں ، 22 لاکھ لوگوں کو زیر تفتیش لیا گیا اور ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے

وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 7 فروری 2017 23:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کے تحت 200 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں ، تقریباً 6 ہزار زیر حراست ہیں ، 22 لاکھ لوگوں کو زیر تفتیش لیا گیا اور ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے،کالعدم لشکر جھنگوی،تحریک طالبان پاکستان ، المنصور اور لشکر خراسانی سمیت تمام تنظیموں کو ختم کر دیا گیا ہے۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے اوپر دو قسم کے مقدمات ہیں قتل اور منی لانڈرنگ کے مقدمات لندن میں ان پر ہیں وہ فیصلے برطانیہ نے اپنے قانون کے مطابق کرنے ہیں۔ اس پر ہم انہیں بھرپور معاونت دے رہے ہیں۔ الطاف حسین کے اوپر کچھ مقدمات پاکستان میں بھی ہیں اس کے لئے ہم ریڈ وارنٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ان پر آرٹیکل چھ سمیت بہت سے مقدمات ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 2 ہزار سے زائد دہشتگرد مارے گئے۔ چھ ہزار سے زائد زیر حراست ، 22 لاکھ لوگ زیر تفتیش اور ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ لشکر جھنگوی ، ٹی ٹی پی ، المنصور اور لشکر خراسانیت سمیت سب تنظیموں کو ختم کر دیا گیا تو کیا یہ سب ہم نے اس لئے کیا ہے کہ پانامہ کیٹ کا معاملہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات کو الگ الگ رکھنا چاہیے کچھ چیزیں ملکی مفاد میں آتی ہیں جو ضروری طور پر کی جاتی ہیں اس میں ہم کوئی سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کر رہے۔…(م د)