کسی سے مقابلہ نہیں عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں، ایک بھرپور وژن کے ساتھ عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ میں مزید سہولیات فراہم ہوں گی،گورنر سندھ

منگل 7 فروری 2017 23:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے منگل کے روز شام گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں جاری آپریشن وصورتحال ، ترقیاتی منصوبوں ، میگا پروجیکٹس K-IV ،S-III اور ماس ٹرانزٹ منصوبہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبہ کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے، جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ باہمی اعتماد اور قریبی تعاون سے صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے گا، ایک بھرپور وژن کے ساتھ عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ میں مزید سہولیات فراہم ہوں گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ میں کسی سے مقابلہ کرنے نہیں بلکہ صوبہ کے عوام کے مسائل کے حل میں تعاون کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اس کی ترقی پورے ملک کی ترقی ہے، ہمیں یہاں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ اس کی اصل شناخت کو بحال کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کا جذبہ قابل قدر ہے اس ضمن میں صوبائی حکومت آپ کے ساتھ ہے، ہم مل کر عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل کریں گے۔ ملاقات میں گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ امن و امان کو پائیدار بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :