پی آئی اے کی لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں ’مشتبہ چیز‘ کی موجودگی کی اطلاع پربرطانوی ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں کے ذریعے رخ موڑدیاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 7 فروری 2017 22:10

پی آئی اے کی لاہور سے لندن جانے والی پرواز میں ’مشتبہ چیز‘ کی موجودگی ..

لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 فروری۔2017ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے لندن جانے والی پرواز پی کے757 کو ’مشتبہ چیز‘ کی موجودگی کی اطلاع پربرطانوی ایئرفورس کے لڑاکا طیاروں کے ذریعے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ طیارے کو رائل ایئر فورس کے ٹائیفون لڑاکا طیاروں نے اپنی حفاظت میں اتارا۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹائیفون ایئرکرافٹ نے کوئیک ری ایکشن الرٹ جاری کیا، جس کے بعد رائل ایئر فورس نے مسافر طیارے کو اپنی نگرانی میں اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا۔پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ برطانوی انتظامیہ کو نامعلوم فون کال کے ذریعے پی آئی اے کی لاہور سے ہیتھرو جانے والی پرواز پی کے 757 کے حوالے سے لینڈنگ سے قبل کچھ مبہم سیکورٹی خطرہ موصول ہوا، جس کے بعد ان کے اسٹینڈرڈ طریقہ کار کے مطابق طیارے کو اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے طیارے میں 200 سے زائد افراد سوار تھے۔دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی کے 757 لاہور سے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوئی تھی تاہم برطانوی حدود میں داخلے کے بعد اسے دو ٹائیفون جیٹ طیاروں نے اپنی نگرانی میں لے لیا اور اس کا رخ سٹینسٹڈ ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ برطانوی کاونٹی ایسکس کی پولیس کا کہنا ہے کہ رخ موڑنے کی وجہ طیارے پر سوار ایک مسافر کی ہنگامہ آرائی ہے۔

پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دوپہر تین بجے کے قریب برطانوی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے ہیتھرو ایئرپورٹ کی جانب جانے والے ایک طیارے کا رخ سٹینسٹڈ کے ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا اور اس کی وجہ اس طیارے پر موجود ایک مسافر کی ہنگامہ آرائی کی اطلاعات ہیں۔ایسکس پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاملے میں ہائی جیکنگ یا دہشت گردی کی کوئی صورتحال نہیں تھی۔پی آئی اے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرواز پر سوار تمام مسافر محفوظ ہیں اور پی آئی اے کا مقامی عملہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔اس واقعے کے بعد سٹینسٹڈ ہوائی اڈے کو بند نہیں کیا گیا ہے تاہم پی آئی اے کے طیارے کو مسافروں کے مرکزی ٹرمینل سے دور رکھا گیا ہے۔