Live Updates

پاناما کیس سے فارغ ہو کر سندھ کا رخ کریں گے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مہم چلائیں گے، عمران خان

کوڑا کر کٹ نہ اٹھانے والے اور شہر کو کھنڈر بنانے والوں کے خلاف احتجاجی مہم چلائیں گے کراچی کے لوگوں کو نا اہل حکومت کے سامنے تنہا نہیں چھوڑیں گے

منگل 7 فروری 2017 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما کیس سے فارغ ہو کر سندھ کا رخ کریں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاجی مہم چلائیں گے۔یہ بات انہوں نے کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں قائم تحریک انصاف کے ممبرشپ کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام شروع کریں تو مقصد بڑا رکھیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس سے فارغ ہوکر سندھ کا رخ کریں گے یہاں کرپشن کی وجہ سے لوگوں کو پینے کا پانی تک دستیاب نہیں کیوں کہ ایک چھوٹا سا مافیا پیسے بنانے میں لگا ہوا ہے اور یہ مافیا لوگوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کوڑا کر کٹ نہ اٹھانے والے اور شہر کو کھنڈر بنانے والوں کے خلاف احتجاجی مہم چلائیں گے کراچی کے لوگوں کو نا اہل حکومت کے سامنے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ نے اپنے کارکنان کو ہدایت دی کہ ناکامی سے ڈرنے والا زندگی میں کبھی نہیں جیت سکتا اس لیے انسان کو ناکامیوں سے سیکھ کر مقصد کی طرف بڑھنا چاہیے میں نے خود 20 سال تک جدوجہد کی اور لوگوں نے مذاق بھی اڑایا لیکن میں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا۔قبل ازیں عمران خان کی صفورہ گوٹھ آمد کے موقع پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور کارکنان کی جانب سے اپنے کپتان پر پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور شدید نعرے بازی کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات