سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے پارلیمانی لیڈروں کا مشاورتی اجلاس

اجلاس میں پیشرفت ہوئی ہے، 16 فروری کو دوبارہ اجلاس ہوگا جو حتمی یا فیصلہ کن ہو سکتا ہے،سپیکر قومی اسمبلی

منگل 7 فروری 2017 23:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2017ء) فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے پارلیمانی لیڈروں کا مشاورتی اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزراء سینیٹر اسحاق ڈار، زاہد حامد سمیت شاہ محمود قریشی، اعجاز جاکھرانی، آفتاب احمد خان شیر پائو، اعجاز الحق اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوبتایا کہ آج کے اجلاس میں پیشرفت ہوئی ہے، 16 فروری کو دوبارہ اجلاس ہوگا جو حتمی یا فیصلہ کن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں کیا گیا فیصلہ سب کو قابل قبول ہوگا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج سوالات کے ملنے والے جوابات سے ہم مطمئن ہیں، ہم فوجی عدالتوں پر کسی سے مرعوب ہو کر یا کسی کے تابع ہو کر فیصلہ نہیں کریں گے، فوجی عدالتوں میں توسیع کے بارے میں حتمی فیصلے کیلئے وزیراعظم تمام سیاسی و عسکری قیادت کو پہلے کی طرح دعوت دیں۔

(جاری ہے)

پیپلر پارٹی کے اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ ہم نے فوجی عدالتوں کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ آج کے اجلاس میں نہیں کیا، ہم جو بھی فیصلہ کریں گے پارٹی میں مشاورت سے کریں گے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ دہشتگردوں کا فوجی عدالتوں میں ہی ٹرائل ہونا چاہیے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پورے ملک کے مفاد میں ہے۔