بلدیہ جنوبی کونسل اجلاس کی میڈیا کوریج پر عائد غیر اعلانیہ پابندی کے خلاف اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی

اگر کونسل اجلاس میں میڈیا نمائندوں کو کوریج سے روکا گیا تو آئندہ اجلاس کا واک آؤٹ کریں گے، ایم کیو ایم اور (ن )لیگ کے اراکین کا مطالبہ

منگل 7 فروری 2017 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) بلدیہ جنوبی کونسل اجلاس کی میڈیا کوریج پر عائد غیر اعلانیہ پابندی کے خلاف اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی۔ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے کہا ہے کہ اگر کونسل اجلاس میں میڈیا نمائندوں کو کوریج سے روکا گیا تو آئندہ اجلاس کا واک آؤٹ کریں گے۔ بلدیہ جنوبی کونسل کا اجلاس چیئرمین اور وائس چیئرمین کی عدم شرکت کے باعث کنوینئر عرفان فرید علی کی صدارت میں ہوا۔

گذشتہ تین اجلاسوں میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وائس چیئرمین بلدیہ جنوبی منصور شیخ کی عدم شرکت کے باعث سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ وائس چیئرمین کی بلدیاتی امور میں عدم دلچسپی کہیں پیپلزپارٹی اور پی آئی آئی کے مابین کسی چپقلش کا نتیجہ تو نہیں، کونسل اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن سید ارشاد حسین نے قرارداد پیش کی کہ کونسل اجلاس کی کوریج کے لیے میڈیا نمائندوں کو دعوت نامے جاری نہ کرنے اور اس کے باوجود آنے والے میڈیا نمائندوں کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینے سے متعلق وضاحت کی جائے۔

(جاری ہے)

بلدیاتی ایکٹ کے تحت اجلاس عام کی کوریج میڈیا کا بنیادی حق ہے۔ سید ارشاد حسین کے اصرار کے باوجود کنوینئر نے قرارداد اجلاس میں پیش نہیں کی۔ اجلاس کے اختتام پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رکن سید مقیم عالم، ن لیگ کے سلطان بہادر، شیخ کاشف امجدنے کہا کہ بلدیہ جنوبی کے اجلاس کی کوریج میڈیا کا بنیادی حق ہے، اگر آئندہ اجلاس میں میڈیا کوریج کے لیے صحافیوں کو مدعو نہ کیا گیا تو اپوزیشن ارکان اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔