اداروں میں عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں ، گورنر سندھ

جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد حل ، اداروں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنا ضروری ہے ، چیف سیکریٹری رضوان میمن سے گفتگو قیام امن کیلئے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، صوبہ کو ہرقسم کے جرائم سے پاک کرنا ہوگا ، آئی جی اے ڈی خواجہ سے گفتگو

منگل 7 فروری 2017 23:12

اداروں میں عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ترقیاتی کاموں ، میگا پروجیکٹس بشمول K-IV ،S-III اور ماس ٹرانزٹ منصوبہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں میں عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا انتہائی ضروری ہے جبکہ اداروں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنا نا گزیر ہے ۔ ملاقات چیف سیکریٹری نے گورنر سندھ کو صوبائی اداروں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر سے انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے بھی گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔

ملاقات میں جاری آپریشن ، پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور صوبہ کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنے کے لئے اقدامات پر تفصیلی سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ قیام امن کے لئے پولیس کی خدمات اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، پولیس نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے جرائم کے خلاف موئثر اقدامات کئے۔

انہوںنے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ صوبہ کو ہر قسم سے جرائم سے پاک کرنے کیلئے بلا تفریق و دبائو اقدامات اٹھائے جائیں اس ضمن میں صوبائی حکومت ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی جبکہ جاری آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا تھانوں کی حالات زار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانا بھی ضروری ہے ۔ملاقات میں انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے گورنرسندھ کو پولیس کی کارکردگی اور صوبہ میں امن و امان کے قیام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :