حکومت مردم شماری کو شفاف بنائے، سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرے، تعلیم علاج روزگار انصاف پانی عوام کی بنیادی سماجی واجتماعی ضروریات ہیں، حکمران سڑکوں اور پلوں کے افتتاح کر کے ترقی کی نوید سنا رہے ہیں، عوام کی بنیادی ضروریات حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں

رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کا بیان

منگل 7 فروری 2017 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے حکومت مردم شماری کو شفاف بنائے اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرے۔ حکومت کے لیے لازم ہے کہ وہ ہر دس سال بعد مردم شماری شفاف انداز میں کرائے لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی۔

منگل کویہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تعلیم علاج روزگار روٹی کپڑا اور مکان انصاف پانی اور نکاس عوام کی بنیادی سماجی واجتماعی ضروریات ہیں لیکن حکمران سڑکوں اور پلوں کے افتتاح کر کے ترقی کی نوید سنا رہے ہیں جبکہ عوام کی بنیادی ضروریات حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔ حکمران پیسے کی ہوس اور لالچ میں اس انتہا پر پہنچ چکے ہیں کہ خود ان کی ذہنی حالت مشکوک ہے۔

(جاری ہے)

منافع خوری کی ذہنی بیماری میں مبتلا یہ حکمران سارے سماج کو غرق کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن تحریک انصاف حکمرانوں کو اپنی من مانیاں نہیں کرنے دے گی۔ کرپشن کے خلاف پوری عوام اُٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو مسائلستان بن گیا ہے مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت میں قیادت کا فقدان ہے مسلم لیگ ن کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں رکھتی۔