لاہور، سبزی منڈی کے آڑھتیوں کامارکیٹ کمیٹی کی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجی دھر نہ

مظاہر ین نے ٹرک لگا کر جی ٹی روڈ ٹریفک بلاک کر دی ‘ حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی ‘مطالبات کی منظور ی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

منگل 7 فروری 2017 23:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) صوبائی درالحکومت کی سبزی منڈی کے آڑھتیوں کامارکیٹ کمیٹی کی ناانصافیوں کے خلاف احتجاجی دھر نہ ‘ مظاہر ین نے ٹرک لگا کر جی ٹی روڈ ٹریفک بلاک کر دی جبکہ حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبات کی منظور ی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور میں سبزی منڈی کے تاجروں نے مارکیٹ کمیٹی کے خلاف جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا اور ٹرک لگا کر روڈ بلاک کردی، جس سے سڑک پر شدید ٹریفک جام رہی اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر انجمن تاجران حاجی بشیر نے کہاکہ مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھتہ مانگتے ہیں، بھتہ خوری کے باعث پہلے بھی منڈی میں لڑائی جھگڑے ہوئے۔

(جاری ہے)

لاہور سے باہر سے آنے والے بیوپاریوں کے بلاوجہ چالان کاٹ دئیے جاتے ہیں، منڈی میں گندگی کی انتہا ہے، حالات کی نزاکت کو نہ سمجھا گیا تو مزید نقصان ہو سکتا ہے۔ احتجاج کرنے والوں نے مارکیٹ کمیٹی پر الزام لگایا کہ من پسند افراد سے معاوضہ لے کر سرکاری سیل پوائنٹ پر جگہ فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے آڑھتیوں کو اپنا مال سڑک پر رکھ کر بیچنا پڑتا ہے۔

پولیس اورضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آڑھتیوں کو یقین دہانی کرائی کہ سرکاری سیل پوائنٹ پر صرف منڈی میں موجود آڑھتیوں کو مال بیچنے کی اجازت دی جائے گیاس موقع پر جنرل سیکرٹری آڑھتی یونین حاجی خالد نے کہا کہ انتظامیہ نے اپنے وعدے پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔