شوکت محمود بسرا نے ہمارے ایم پی اے غلام مرتضیٰ کے گھر اور وائٹل گروپ کے دفتر پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا ، شوکت محمود بسرا کی ریلی میں کالعدم تنظیموں کے لوگ موجود تھے جن کی فائرنگ سے شوکت بسرا کا پی اے جاں بحق ہوا ،پیپلزپارٹی کی طرف سے جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی گئی ،معاملے کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، آصف علی زرداری کا بیان پڑھ کر ہنسی آئی ،بھٹو ازم دکھانے کی کوشش بند کی جائے ، ایم پی اے کے گھر پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے،مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 7 فروری 2017 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ شوکت محمود بسرا نے ہمارے ایم پی اے غلام مرتضیٰ کے گھر اور وائٹل گروپ کے دفتر پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا ، شوکت محمود بسرا کی ریلی میں کالعدم تنظیموں کے لوگ موجود تھے جن کی فائرنگ سے شوکت بسرا کا پی اے جاں بحق ہوا ،پیپلزپارٹی کی طرف سے جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی گئی ،معاملے کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، آصف علی زرداری کا بیان پڑھ کر ہنسی آئی ،بھٹو ازم دکھانے کی کوشش بند کی جائے ، ایم پی اے کے گھر پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بہاولنگر کی تحصیل ہارون آباد میں افسوسناک واقعہ ہوا جس کی مذمت کرتا ہوں ، میں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے معاملے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اعجاز الحق نے کہا کہ شوکت بسرا نے ایک دن قبل جلسہ کر کے میرے اور میرے ایم پی ایز کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کی اور تھانے کے گھیرائو کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ روز انہوں نے تھانے کی بجائے وائیٹل گروپ کے دفتر اور اس کے نیچے موجود ایم پی اے غلام مرتضیٰ کے گھر کا گھیرائو کا کر لیا اور حملہ آور ہونے کی کوشش کی جس پر دفتر کے گارڈ نے پہلے سمجھانے کی کوشش کی تاہم بات نہ ماننے پر ہوائی فائرنگ کی ۔

انہوں نے کہا کہ شوکت بسرا کی ریلی میں فورتھ شیڈول میں شامل کالعدم تنظیموں کے لوگ بھی شریک تھے اس حوالے سے ڈی پی او ایک روز پہلے شوکت بسرا کو بھی کہہ چکے تھے ۔ریلی میں موجود کالعدم تنظیم کے ان لوگوں نے بھی فائرنگ شروع کر دی جس کے شوکت بسرا کا پی اے جاں بحق ہوا ۔ فائرنگ انہوں نے کی شوکت بسرا نے ایف آئی آر ہم پر کٹوا دی سب جانتے ہیں میں اسلام آباد میں ہوں ،ایم پی اے غلام مرتضیٰ بیٹی کے علاج کے سلسلے میں دبئی جبکہ چوہدری یاسین عمرے کے لئے گئے ہوئے ہیں ، ہمارا تعلق بلا جواز اس کیس سے جوڑا جا رہا ہے ،معاملے پر سیاسی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ، آصف علی زرداری کا بیان پڑھ کر ہنسی آئی ،بھٹو ازم دکھانے کی کوشش بند کی جائے ، ایم پی اے کے گھر پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

(ار)