راجہ پرویز اشرف کا شوکت محمود بسراکو ٹیلی فون ، خیریت دریافت کی

صبر اور برداشت کی پالیسی کو پیپلزپارٹی کی کمزوری تصور نہ کیا جائے، قاتلانہ حملہ کرنیوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا ،سابق وزیراعظم

منگل 7 فروری 2017 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) سابق وزیراعظم اور مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات شوکت محمود بسرا کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک بیان میں شوکت محمود بسرا پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کا نشانہ شوکت بسرا ہی تھے کیونکہ شوکت بسرا اپنے حلقے کے عوام کی آواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کی پہچان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی یہ ذمے داری ہے کہ شوکت بسرا پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ صبر اور برداشت کی پالیسی کو پاکستان پیپلزپارٹی کی کمزوری تصور نہ کیا جائے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شوکت بسرا پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا اور سازش کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ راجہ پرویز اشرف نے حملے میں شہید ہونے والے امتیاز احمد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔