گزشتہ سال سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں 46فیصد اضافہ ،غربت کی شرح میں بھی نصف کمی ہوئی ‘ بلوم برگ

زر مبادلہ کے بحران سے احسن طریقے سے نمٹا گیا،آئی ایم ایف،ایشیائی ترقیاتی ،ورلڈ بینک کیساتھ جاری پروگرامز کو بھی کامیابی سے ہمکنار کیا مودی سرکار سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معیشت مستحکم ہونے پرخوف کا شکار ہے ،معاشی حالت میں واضح بہتری بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی‘سویڈش تھنک ٹینک کی بھی رپورٹ

منگل 7 فروری 2017 21:19

نیو یارک/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) مالیاتی امور سے متعلق امریکی جریدے بلوم برگ نے بھی پاکستانی کی معاشی صورتحال کو انتہائی مثبت قرار دیدیا۔جبکہ سویڈش تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مودی سرکار سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معیشت مستحکم ہونے پرخوف کا شکار ہے ،مستقبل میں بڑے پیمانے پر روزگارکے مواقع میسرآنے سے پاکستان کی معاشی حالت میں واضح بہتری بھی آئے گی جو بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔

بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے اور غربت کی شرح میں بھی نصف کمی ہوئی جبکہ پاکستان نے زر مبادلہ کے بحران سے احسن طریقے سے نمٹا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور 15 سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان نے ناصرف آئی ایم ایف کے ساتھ بلکہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے ساتھ بھی جاری پروگرامز کو بھی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سالوں میں دہشتگردی سے ہونے والی اموات میں ایک تہائی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ پاکستان میں ترقی کی شرح 4 فیصد رہی جو اب 5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔عالمی جریدے نے اپنی رپورٹ میں سیاسی صورت حال میں مزید بہتری کی گنجائش کا اظہار کیا۔رپورٹ کے مطابق 2008ء سے قبل پاکستان اور بھارت کی آمدنی متوازی نہیں تھی اس وقت پاکستان کو تعلیم سمیت کئی شعبوں میں چیلنجز کا سامنا تھا لیکن حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ میں مسلسل اضافہ ہوا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سویڈش تھنک ٹینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مودی سرکار سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معیشت مستحکم ہونے پرخوف کا شکار ہے مستقبل میں بڑے پیمانے پر روزگارکے مواقع میسرآنے سے پاکستان کی معاشی حالت میں واضح بہتری بھی آئے گی جو بھارت کو ہضم نہیں ہورہی ہیں۔سویڈن کے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارت پاکستان میں شروع کئے گئے سی پیک منصوبے پر تشویش کا اظہار اس لئے کر رہا ہے کہ سی پیک سے جنوبی ایشیا میں اثرورسوخ بڑھانے کی نئی دوڑ شروع ہو چکی ہے اس منصوبے سے چین کو بحیرہ عرب تک براہ راست رسائی حاصل ہوجائے گی اور چین گوادر بندرگاہ کے ذریعے اس کی فوجی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھ سکے گا۔

بھارت کو یہ خدشہ بھی ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد مسئلہ کشمیر پر چین کی غیر جانبدار پالیسی پاکستان کے حق میں جھک جائے گی اورمقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوگا جبکہ بھارتی حکومت مسئلہ کشمیر کو دبا کر رکھنا چاہتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر روزگارکے مواقع میسرآنے سے پاکستان کی معاشی حالت میں واضح بہتری بھی آئے گی جس سے بھارت بری طرح سے خوفزدہ اور خائف ہے۔