کابل :افغان سپریم کورٹ پر خود کش حملے میں24 افراد ہلاک60سے زائدد زخمی -خود کش بمبار نے سپریم کورٹ کی عمارت کو نشانہ بنایا۔افغان حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 7 فروری 2017 18:13

کابل :افغان سپریم کورٹ پر خود کش حملے میں24 افراد ہلاک60سے زائدد زخمی ..

کابل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 فروری۔2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل واقع سپریم کورٹ پر ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور60 زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق خود کش بمبار نے سپریم کورٹ کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب اللہ دانش نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ عدالت کی پارکنگ کے ایریا میں ایک خود کش بمبار نے وہاں موجود ملازمین کو نشانہ بنایا۔

وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں اب تک24 افراد کے ہلاک اور 60سے زائدکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں - حکام کا کہنا ہے کہ درجنوں زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے دھماکے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب آنے والی سڑکوں کو بلاک کردیا جبکہ سپریم کورٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ بھی خبر سن کر عدالت کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے۔

حکام کے مطابق دھماکہ افغان سپریم کورٹ کے ایک داخلی دروازے کے قریب ہوا جہاں سینکڑوں لوگ موجود تھے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ حملہ آور پیدل پارکنگ ایریا میں آیا اور بظاہر اس کا نشانہ سپریم کورٹ کے ملازمین تھے۔تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم افغان طالبان ماضی میں افغان عدالتوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

یہ دھماکہ اقوامِ متحدہ کی اس رپورٹ کے اجرا کے ایک دن بعد ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 2016 افغان شہری ہلاکتوں کے حوالے سے آٹھ برس میں بدترین سال رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کابل میں موجود پارلیمنٹ کی عمارت سے باہر نکلنے والے ملازمین کو یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی جبکہ ان دھماکوں میں 30 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :