حکمران مہنگائی کے ذریعے عوام کی تکلیف اور پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں ‘ ضیاء الدین انصاری

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب مہنگائی کاطوفان حکومتی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ‘ قائمقام امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 7 فروری 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہاہے کہ حکمران مہنگائی کر کے عوام کی تکلیف اور پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہورانجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، خالد عثمان ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ،نائب قیم جماعت اسلامی لاہور عبدالحفیظ اعوان اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ تیس دنوں کے اندر دومرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب مہنگائی کاطوفان حکومتی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت عوام روزمرہ اشیائے کے علاوہ دیگر شہری سہولیات پانی ، بجلی ، گیس کے بلوں کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان حال ہیں اور گیس دو ماہ سے شہریوں کے لیے نایاب ہے ،بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا ناگ مسلسل عوام کو ڈس رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ روزمرہ استعمال کی چیزیں ، آٹا ، چینی ، گھی غریبوں کی قوت خرید سے دور ہو تے جا رہی ہیں ایسے میں پٹرولیم منصوعات میں اضافہ مذید مہنگائی کا طوفان برپا کر رہا ہے جس کے براہ راست اثرات غریب اور متوسط طبقہ پر پڑ رہے ہیں ،مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام گھروں میں فاقوں کی وجہ سے خود کشیاںکرنے پر مجبور ہیں۔ضیاء الدین انصاری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پٹرولیم منصوعات میں حالیہ اضافہ واپس لے اور غریبوں کے حال پر رحم کرے تاکہ ان کو ریلیف مل سکے ۔