پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے معیشت مضبوط، عوام کو روزگار ملے گا، بیگم عشرت اشرف

2018ء اندھیروں کے خاتمے کا سال ہوگا ،ْ لیگی رہنما کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 7 فروری 2017 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی بیگم عشرت اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے 2013ء کے عام انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کیا جارہا ہے۔ ہماری جماعت جلسے جلوس میں کسی کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے 2013ء کے عام انتخابات کے موقع پر عوام سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل ہونے کو ہے۔

ملک میں توانائی کے بحران کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے انشاء اللہ 2018ء اندھیروں کے خاتمے کا سال ہوگا انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک کی معیشت مضبوط ہوگی جبکہ عوام کو وسیع روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس میں سیاسی رہنمائوں کی طرف سے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال درست نہیں ۔