وفاقی حکومت بجلی بحران کے خاتمہ کے لئے تیزی سے کام کررہی ہے،وفاقی وزیرسکندرحیات خان بوسن

پیر 6 فروری 2017 23:58

ملتان۔6 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن نے کہا ہے کہ حکومت بجلی بحران کے خاتمہ کے لئے تیزی سے کام کررہی ہے ، بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبے رواں سال کے اختتام تک مکمل ہوجائیں گے جس سے ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوانجینئر مسعود صلاح الدین سے ملاقات کے دوران کیا ،اس موقع پرممبر قومی اسمبلی سردار محمد جعفر خان لغاری بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میپکو ریجن میں سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے وزارت پانی وبجلی کی جانب سے اربوں روپے فراہم کئے گئے ہیں جس سے نئے گرڈاسٹیشنوں کی تعمیرواپ گریڈیشن، ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب، نئے ہائی ٹینشن فیڈرز کی تعمیر و تنصیب اور نئی لوٹینشن سکیموں پر کام کیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے وفاقی وزیر کو بتایاکہ نئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور امید ہے کہ جون 2017؁ء تک سسٹم کی اپ گریڈیشن کے تمام منصوبے مکمل ہوجائیں گے جس سے میپکو ریجن کے زیر انتظام 13اضلاع کے بجلی صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہوجائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 151ملتان میں درجنوں لوٹینشن سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ کئی سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ممبر قومی اسمبلی سردار محمد جعفر خان لغاری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 174راجن پور ۔1کے بجلی مسائل بارے گفتگو کی جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکونے متعلقہ افسران کو فوری طورپر مسائل حل کرنے اور معزز رکن اسمبلی سے رابطہ میں رہنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :