مسعودخان عالمی برادری میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے 3 روزہ دورہ پر بلجیم پہنچ گئے

ائرپورٹ پرکشمیرکونسل یورپ کے وفد نے استقبال کیا دورے کا مقصد مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگر اور یورپی حکام کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرناہے ، بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے ،ہم دنیاکوان مظالم کے بارے میں بتاناچاہتے ہیں،صدرآزادکشمیرکی میڈیا سے گفتگو

پیر 6 فروری 2017 23:56

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) صدرآزاد جموں وکشمیرمسعودخان عالمی برادری میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے 3 روزہ دورہ پر یورپی ہیڈکوارٹر(بلجیم کے دارالحکومت)برسلزپہنچ گئے ہیں۔ برسلزائرپورٹ پر علی رضاسید کی قیادت میں کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے وفد نے صدرآزادکشمیرکا استقبال کیا۔ وفد میں چوہدی خالد جوشی، سردارصدیق، میرشاہجہاں، حاجی وسیم اختر، زاہدحسین شاہ اوردیگر افراد شامل تھے۔

اس موقع پر بلجیم میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی بھی موجودتھیں۔صدر آزادکشمیرنے برسلزپہنچنے پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ان کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگرکرناہے اور یورپی حکام کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرناہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکردی ہے اور ہم دنیاکوان مظالم کے بارے میں بتاناچاہتے ہیں۔

صدر آزادکشمیرسردارمسعود خان کشمیرکونسل ای یو کی دعوت پر بلجیم آئے ہیں۔ مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگر کرنے کے لئے کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کی طرف سے تین روزہ پروگرام کاآغازآج سوموارکو برسلزمیں ہورہاہے۔ یہ پروگرام جس میںپیر کی شام کو ’’یورپ میں مسئلہ کشمیرپرجدوجہد‘‘ کے عنوان سے عشائیہ تقریب اور سات فروری کو ’’تنازعہ کشمیراوربین الاقوامی آراء -‘‘ کے عنوان سے کانفرنس بھی شامل ہے، صدر آزادکشمیرمسعود خان کے دورہ بلجیم کی مناسبت سے ترتیب دیاگیاہے۔

یورپی ہیڈکوارٹرز میں اپنے قیام کے دوران صدر آزادکشمیریورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی یونین کے اعلیٰ حکام اورعالمی امورکے ماہرین کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کریں گے ۔ سات فروری بروزمنگل یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرپر کانفرنس کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام فرینڈز آف کشمیرگروپ کے تعاون سے منعقد ہوگی ۔ صدرآزادکشمیرکے دورے کے پہلے روزان کے اعزازمیں کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے عشائیہ تقریب میں کشمیری اور پاکستان کمیونٹی رہنماوئوں کے علاوہ یورپی حکام اوراراکین پارلیمنٹ کو بھی مدعو کیاگیاہے۔

آٹھ فروری کو صدر آزادکشمیربرسلزمیں میڈیاکانفرنس سے خطاب کریں گے۔صدرآزادکشمیرکا دورہ بلجیم ایسے وقت ہورہاہے کہ پانچ فروری ہرسال کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طورپر منایاجاتاہے۔ کشمیرکونسل یورپ ( ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے بتایاکہ آزادکشمیرکے صدر کا دورہ یورپ اہمیت کاحامل ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے بتایاکہ ہم مسئلہ کشمیرپر سفارتی جدوجہد میں تیزی لانے کی کوشش کررہے ہیں اور صدرآزادکشمیر کا دورہ بھی اسی کوشش کا حصہ ہے۔

علی رضاسید نے بتایاکہ یورپی یونین (ای یو) ایک اہم عالمی ادارہ ہے اور یورپ ایک بااثربلاک ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ ای یو مسئلہ کشمیرپر اپنا کردار اداکرے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کم ہوں اور مسئلہ کشمیرکے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔انھوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بندکروائے اور کشمیریوں کوان کاحق خودارادیت دلوانے میں اپنااثرورسوخ استعمال کرے۔