سابق وزیراعظم یوسف گیلانی کا شوکت بسرا کو فون‘قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت، کارکن کی ہلاکت پر اظہارافسوس

پیپلزپارٹی کی ریلی پرفائرنگ افسوسناک ہے،پنجاب حکومت ملزمان کیخلاف فوری کاروائی کرے،گیلانی

پیر 6 فروری 2017 23:43

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے پی پی رہنما شوکت بسرا کو فون کیا اور ان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔سابق وزیراعظم نے شوکت بسرا کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔سابق وزیراعظم نے اس موقع پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی پی کارکن امتیازکی ہلاکت پرگہرے دکھ کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی ریلی پرفائرنگ افسوسناک ہے۔پنجاب حکومت ملزمان کیخلاف فوری کاروائی کرے۔دوسری طرف شوکت بسرا کے قافلے پر فائرنگ کیخلاف ملتان میں پیپلزپارٹی نے ایم ڈی اے چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت پیپلزپارٹی ملتان کے سینئررہنما ایم سلیم راجہ نے کی۔اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ شوکت بسرا پرحملہ اور ان کے سیکرٹری کی ہلاکت کھلی دہشت گردی ہے۔بزدلانہ حملوں سے پیپلزپارٹی کودبایا نہیں جاسکتا۔اس موقع پر مظاہرے کے شرکائ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔